پاکستان میں آج پھر سخت گرمی، اگلے 24 گھنٹوں میں کہاں بارش ہو گی؟

اردو نیوز  |  Jun 22, 2024

جمعے کو بعض بالائی علاقوں میں بارشوں کے بعد ملک کے زیادہ تر علاقوں میں موسم نسبتاً بہتر ہو گیا تھا مگر آج صبح سے ہی اسلام آباد سمیت بیشتر علاقوں میں سورج خوب کھل کر چمک رہا ہے تاہم محکمہ موسمیات نے بعض علاقوں میں بارش کی نوید سنائی ہے۔

اسلام آباد میں محکمہ موسمیات کے فورکاسٹنگ آفیسر فرمان عباسی نے اردو نیوز کو بتایا کہ اگرچہ آج اسلام آباد میں موسم گرم رہے گا تاہم شام کے وقت جزوی طور پر ابر آلود ہو سکتا ہے اور ہلکی بارش بھی ہو سکتی ہے۔

کراچی کے موسم کے حوالے ان کا کہنا تھا کہ وہاں آج بارش کا قوی امکان ہے جبکہ شمال جنوبی بلوچستان، خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں اور زیریں سندھ میں بھی بارش ہو گی۔

محکمہ موسمیات کی ویب سائٹ پر دی گئی معلومات کے مطابق کل یعنی اتوار کو اسلام آباد اور گردونواح سمیت ملک کے زیادہ تر حصوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا تاہم کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران رہنے والے موسم کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں، شمال مشرقی بلوچستان، خطہ پوٹھوہار، زیریں سندھ، کشمیر اور گلگت بلتستان میں آندھی چلی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔

ملک کے دیگر حصوں میں موسم خشک اور گرم رہا۔

رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ 47 ملی لیٹر بارش خیبرپختونخوا کے علاقے سیدو شریف میں ہوئی، اسی طرح مالم جبہ میں بارش کی شرح 37، دیر 15، پٹن دروشن میں چار اور کالام میں تین ملی لیٹر رہی۔

اسی طرح ژوب، خضدار، مری، کراچی اور گلگت بلتستان کے بعض علاقوں میں چار ملی لیٹر بارش ہوئی۔

پچھلے 24 گھنٹے کے دوران سب سے زیادہ درجہ حرارت تربت میں ریکارڈ کیا گیا جو 48 ڈگری سینٹی گریڈ رہا جبکہ دالبندین اور جیونی میں 42 رہا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More