دائیں بازو کی ہندو تنظیم کا انڈیا اور بنگلہ دیش کی سیریز منسوخ کرنے کا مطالبہ

اردو نیوز  |  Sep 19, 2024

انڈیا اور بنگلہ دیش کے درمیان کرکٹ سیریز سے قبل ریاست گوا سے تعلق رکھنے والی دائیں بازو کی ہندو تنظیم نے سیریز کی منسوخی کا مطالبہ کیا ہے۔

انڈیا ٹوڈے کے مطابق ہندو جاناجگروتی سامیتھی نامی دائیں بازو کی تنظیم نے بنگلہ دیش میں ہندوؤں پر ہونے والے مظالم کے بدلے میں انڈیا اور بنگلہ دیش کی سیریز منسوخ کرنے کا مطالبہ کر دیا۔

ہندو جاناجگروتی سامیتھی تنظیم نے انڈین کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) سے مطالبہ کیا ہے کہ جب تک بنگلہ دیش میں یہ مسئلہ حل نہیں ہوتا تب تک جمعرات سے چنئی میں کھیلے جانے والا ٹیسٹ میچ منسوخ کر دیا جائے۔

تنظیم نے اپنے بیان میں کہا کہ ’ہندو جاناجگروتی سامیتھی انڈیا اور بنگلہ دیش کے درمیان میچز کے انعقاد کی بھرپور مذمت کرتی ہے۔ یہ سیریز بنگلہ دیش میں ہونے والے مظالم کے باعث ہندوؤں کے زخم گہرے کر رہی ہے۔‘

خیال رہے کہ بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کے مستعفی ہونے کے بعد بنگلہ دیش میں کئی روز تک سیاسی بحران جاری رہا۔

شیخ حسینہ واجد کے استعفے کے لیے چلائی جانے والے تحریک کے دوران ملک بھرمیں غیر معمولی تشدد کے واقعات سامنے آئے۔

دوسری جانب انڈیا اور بنگلہ دیش کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ جمعرات سے چنئی میں کھیلا جائے گا۔

سیریز کا دوسرا میچ 27 ستمبر سے کانپور میں کھیلا جائے گا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان یہ ٹیسٹ سیریز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہے۔

ٹیسٹ سیریز کے بعد دونوں ٹیمیں تین ٹی20 میچوں پر مشتمل سیریز کھیلیں گی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More