لائیو: عدلیہ نے آئین میں ترمیم کا اختیار پارلیمان سے لینے کی کوشش کی، بلاول بھٹو

اردو نیوز  |  Sep 24, 2024

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اُن کی جماعت عدالتی اصلاحات لائے گی۔ ’ہم یہ جلدی میں نہیں کر رہے بلکہ نسلوں سے جدوجہد کر رہے ہیں۔‘

منگل کو کراچی میں سندھ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن سے خطاب میں اُن کا کہنا تھا کہ ملک میں آئینی عدالت بہت ضروری ہے، میثاق جمہوریت کے مطابق جوڈیشل ریفارمز کریں گے۔‘

منگل کی دیگر اہم خبروں کے لیے یہاں کلک کریں

بلاول بھٹو نے کہا کہ قانون سازی اور آئین سازی عدلات کے ذریعے نہیں ہو سکتی۔ جب عدالت نے 63اے کا فیصلہ دیا تو کیا کسی نے آئین پڑھا۔

’اس فیصلے کے ذریعے عدالت نے آئین میں ترمیم کا اختیار لے لیا اور کہہ دیا کہ پارلیمان کا آئین میں لکھا نہیں مانتے۔‘

پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ ’مجھے بتایا جائے کہ کس آئین و قانون کے تحت ایسے فیصلے دیے جاتے ہیں۔‘

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ’عدلیہ کہتی ہے کہ آپ نے جج بننا ہے تو مائی لارڈ پکارتے رہیں۔ ہمارا نظام ٹوٹا پھوٹا ہے اس کو درست کرنا ہے۔‘

پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ ’مجھے بتایا جائے کہ کس آئین و قانون کے تحت ایسے فیصلے دیے جاتے ہیں۔‘ فائل فوٹو: روئٹرزسپریم کورٹ میں پنجاب الیکشن ٹربیونلز کیس کی سماعت

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں سپریم کورٹ میں پنجاب الیکشن ٹریبونل تبدیلی کیس کی سماعت جاری ہے۔

سپریم کورٹ کا پانچ رُکنی بینچ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں کیس کی سماعت کر رہا ہے۔ 

جسٹس امین الدین، جسٹس جمال خان مندوخیل، جسٹس عقیل عباسی اور جسٹس نعیم اختر افغان بھی پانچ رکنی لارجر بینچ کا حصّہ ہیں۔

الیکشن کمیشن کے وکیل نے عدالت کے روبرو موقف اپنایا کہ ’لاہور ہائی کورٹ کی چیف جسٹس کے ساتھ مشاورت کے بعد الیکشن ٹریبونلز کا مسئلہ حل ہو گیا ہے، چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے چار ٹریبونل ججز برقرار رکھے باقی چار الیکشن کمیشن مقرر کرے گا۔‘

درخواست گزار سلمان اکرام راجہ کے وکیل حامد خان نے موقف اپنایا کہ ’ہمیں آپ کے کیس سُننے پر اعتراض ہے۔‘

چیف جسٹس قاضی فائز عیسٰی نے الیکشن ٹریبونل کے کیس میں بینچ سے الگ ہونے کی سلمان اکرم راجہ ایڈووکیٹ کی استدعا مسترد کر دی۔

یاد رہے کہ عدالت نے گذشتہ سماعت پر ٹریبونل کو کام کرنے سے روک دیا تھا۔ 

عدالت نے چیف الیکشن کمشنر کو چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ سے مشاورت کی بھی ہدایت کی تھی۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

حماد اظہر کو پولیس حراست سے چھڑانے پر عالیہ حمزہ کے خلاف مقدمہ درج

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر کو پولیس حراست سے چھڑانے پر عالیہ حمزہ سمیت پی ٹی آئی کے دیگررہنماؤں اورکارکنوں کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

پی ٹی آئی اے لاہور کے صدر شیخ امتیاز اور عالیہ حمزہ سمیت 30 سے 40 افراد کے خلاف پولیس کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق پی ٹی آئی کے جلسے میں اشتہاری حماد اظہر سٹیج پر موجود تھے۔ ملزم کو پکڑنے کے لیے سے نیچے اُتارا گیا تو پی ٹی آئی لاہور کے صدر شیخ امتیاز ،عالیہ حمزہ اور 30 سے 40 پی ٹی آئی رہنماؤں نے زبردستی حماد اظہر کو چھڑوا لیا۔‘

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

آئی کے 804، جعلی نمبر پلیٹ لگانے والا ٹک ٹاکر گرفتار 

لاہور پولیس نے جعلی نمبر پلیٹ لگانے والے ٹک ٹاکر ندیم نانی والا کو گرفتار کر لیا ہے۔

ٹک ٹاکر ندیم مبارک عرف ندیم نانی والا نے اپنی گاڑی پر آئی کے  804 کی جعلی نمبر پلیٹ لگا رکھی تھی۔ ڈیفنس کے مین بلیوارڈ کے قریب ناکے پر چیکنگ کی گئی تو نمبرپلیٹ جعلی نکلی۔ 

ڈیفنس پولیس نے گاڑی 804  قبضے میں لے کر پولیس کی مدعیت میں ملزم ندیم نانی والا کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More