شمالی وزیرستان: میر علی مویشی منڈی میں آتشزدگی سے 30 جانور زندہ جل گئے

اردو نیوز  |  Sep 25, 2024

پولیس حکام کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے میرعلی میں منگل کے روز سکیورٹی فورسز اور شدت پسندوں کے درمیان جھڑپ کے بعد مویشی منڈی میں آگ لگ گئی۔

شمالی وزیرستان کی تحصیل میرعلی میں شدت پسندوں اور سکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپ کے بعد مویشی منڈی میں آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا جس میں 30 مویشی زندہ جل گئے۔

بازار سے متصل فروٹ منڈی بھی جل کر خاکستر ہوگئی جس سے تاجروں کا کروڑوں روپے کا نقصان ہوا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مویشی منڈی اور فرٹ منڈی میں نامعلوم وجوہات کی وجہ سے آگ لگی۔

مقامی بازار کے تاجر عابد وزیر نے اردو نیوز کو بتایا کہ مویشی منڈی میں نامعلوم سمت سے مارٹرگولہ آکر گرا جس کے بعد زور دار دھماکہ ہوا۔

دھماکے کے بعد مویشی منڈی سمیت مارکیٹ آگ کی لپیٹ میں آگئی۔

مقامی شہری کے مطابق جھڑپوں کے دوران بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا جس کے بعد بازار کے تاجر اور شہری جان بچا کر بھاگ گئے۔

’تاہم آگ کی وجہ سے بے زبان جانور جھلستے رہے۔ مویشی منڈی میں لگی آگ کو بجھانے کے لیے میں دو گھنٹے تک کوئی نہیں آیا۔ جبکہ مقامی لوگ اپنی مدد آپ کے تحت آگ کو بجھانے میں مصروف رہے۔‘

میرعلی بازار کے تاجروں نے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ واقعے میں ان کا کروڑوں روپوں کا نقصان ہوا ہے۔ 

ضلعی انتظامیہ کے مطابق آگ لگنے کی وجہ سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ انتظامیہ کا کہنا تھا کہ واقعے میں کسی انسانی جان کا ضیاع نہیں ہوا تاہم تمام متاثرین کی مالی معاونت کی جائے گی۔

دوسری جانب سابق ایم این اے اور نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ محسن داوڑ نے اپنے بیان میں کہا کہ میرعلی میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔

 

میرعلی مویشی منڈی واقعے پر وزیراعلی علی امین گنڈا پور نے اظہار افسوس کیا ہے اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ تمام متاثرہ افراد کے ساتھ ہر قسم کا تعاون کیا جائے اور ان کے نقصان کا ازالہ کیا جائے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More