پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ فضیلہ قاضی کا کہنا ہے کہ پاکستان میں صدارتی ایوارڈز سفارش پر ملتے ہیں۔
فضیلہ قاضی نے نجی ٹی وی کے شو میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صدارتی ایوارڈز دینے کی بات آتی ہے تو بہت سے حق دار فنکاروں کو نظر انداز کر دیا جاتا ہے۔
اداکارہ نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ صدارتی ایوارڈ ملنا بہت بڑی کامیابی ہوتی ہے اور فنکاروں کو ایسے ایوارڈز ملنے پر فخر بھی محسوس ہوتا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ میں شکر گزار ہوں کہ میرے شوہر نے صدارتی ایوارڈ ایسے وقت میں حاصل کیا جب صدارتی ایوارڈز سفارش پر نہیں بلکہ صرف فنکار کے کام کی بنیاد پر دیے جاتے تھے۔
فضیلہ قاضی نے انکشاف کیا کہ صدارتی ایوارڈز کے لیے ٹی وی چینلز سمیت مختلف افراد سفارش کرتے ہیں اور اس کے لیے ہر فنکار کی فائل بنائی جاتی ہے۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ صدارتی ایوارڈ کے لیے میری فائل بھی گزشتہ 5 سال سے پڑی ہوئی ہے لیکن ایوارڈ دینے والوں اور سفارش کرنے والوں کو ابھی تک میری فائل نظر نہیں آئی۔
اداکارہ نے شکوہ کیا کہ کیبنیٹ ڈویژن میں ابھی جو لوگ بیٹھے ہیں اُنہیں کام کرنے والے فنکار نظر ہی نہیں آتے۔