آئرلینڈ کے خلاف تیسرے ون ڈے میچ میں جنوبی افریقی کوچ فیلڈنگ کرنے کیوں آئے؟

اردو نیوز  |  Oct 10, 2024

جنوبی افریقہ اور آئرلینڈ کے درمیان تین ون ڈے میچوں کی سیریز کے تیسرے میچ میں آئرلینڈ نے جنوبی افریقہ کو 69 رنز سے ہرا دیا۔

ابوظبی میں کھیلے گئے تیسرے ون ڈے میچ میں آئرلینڈ کی جانب سے دیے گئے 285 رنز کے ہدف کے جواب میں جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم 46.1 اوورز میں 215 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

آئرلینڈ کی جانب سے تیسرے ون ڈے میچ میں کپتان پاؤل سٹرلنگ 88، ہیری ٹیکٹر 60 اور اینڈی بالبرنی 45 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

ہدف کے دفاع میں بولنگ کرتے ہوئے گراہام ہومے اور کریگ ینگ نے تین تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس میچ کے دوران کرکٹ شائقین کو ایک حیرت انگیز چیز دیکھنے کو ملی کہ آئرلینڈ کی اننگز کے دوران جنوبی افریقہ کے بیٹنگ کوچ جے پی ڈومنی بطور کھلاڑی فیلڈنگ کرنے آگئے۔

دراصل ابو ظبی کی گرمی کے باعث جنوبی افریقہ کے فیلڈرز تھکاوٹ اور انجریز کا شکار ہوئے جس کے باعث پویلین میں بیٹھے بیٹنگ کوچ جے پی ڈومنی کو بطور کھلاڑی فیلڈنگ کرنے کے لیے آنا پڑا۔

فیلڈنگ کے دوران جے پی ڈومنی نے شارٹ تھرڈ مین پر ہیری ٹیکٹر کی ریورس سویپ شاٹ کو بھی روکا۔

خیال رہے کہ جے پی ڈومنی مجموعی طور پر جنوبی افریقہ کی 326 انٹرنیشنل میچوں میں نمائندگی کر چکے ہیں۔

انہوں نے 2019 میں آخری مرتبہ جنوبی افریقہ کے لیے انٹرنیشنل میچ کھیلا تھا جس کے بعد اب وہ قومی ٹیم کے بیٹنگ کوچ کی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔

یاد رہے کہ تین ون ڈے میچوں کی سیریز جنوبی افریقہ نے 1-2 سے اپنے نام کر لی۔ 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More