پانچ آئی پی پیز کے ساتھ معاہدے ختم، بجلی کی قیمتیں کم ہوں گی: شہباز شریف

اردو نیوز  |  Oct 10, 2024

پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پہلے مرحلے میں پانچ آئی پی پیز کے ساتھ بجلی خریدنے کے معاہدے ختم کر رہے ہیں اور اس کے بعد مزید پیش رفت ہوگی۔

جمعرات کو اسلام آباد میں کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’پانچ آئی پی پیز نے باہمی رضامندی اور ذاتی مفاد کو قومی مفاد کے تابع کرتے ہوئے قربان کیا۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’بجلی کے معاہدوں پر اتفاق ہوا ہے۔ ان آئی پی پیز کا ’ٹیک اینڈ پے‘ مکمل طور پر ختم کر دیا گیا ہے۔ ان کے سابقہ بقایا جات سود کے بغیر ادا کیے جائیں گے۔‘

شہباز شریف نے کہا کہ اس سے بجلی صارفین کو سالانہ 60 ارب روپے فائدہ پہنچے گا، جبکہ ان معاہدوں کی منسوخی سے قومی خزانے کو 411 ارب روپے کی بچت ہوگی اور بجلی کی قیمتیں کم ہوں گی۔

پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ (پی آئی ڈی) کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق جن کمپنیوں کے ساتھ بجلی خریدنے کے معاہدے ختم کیے گئے ان میں راوسچ پاور، صبا پاور، لال پیر، حبکو اور اٹلس پاور شامل ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ بجلی شعبے میں دیگر آئی پی پیز کے ساتھ معاہدوں پر بتدریج نظر ثانی کرکے ٹیرف میں کمی لائی جائے گی۔

’عوام نے اس عرصہ میں بڑی قربانی دی۔ وقت آگیا ہے کہ عوام کی مشکلات کا ازالہ کیا جائے۔ حالیہ گرمیوں میں وفاق اور وزیرِ اعلی پنجاب نے بجلی کے بلوں میں ریلیف دیا۔ عوام سے کیے گئے اپنے ہر وعدے پر قائم ہوں۔‘

شہباز شریف نے کہا کہ ملکی معیشت استحکام کی جانب تیزی سے گامزن ہے۔ مہنگائی کی شرح 30 فیصد سے زائد تھی، 6.9 فیصد پر آنے سے عوام کو ریلیف ملا۔

بجلی کی قیمتوں کو نیچے لے کر آئیں گے: اویس لغاریوفاقی وزیر توانائی اویس لغاری کا کہنا ہے کہ ’بجلی کی قیمتوں میں کمی کے لیے پانچ آئی پی پیز کے خاتمے پر متفق ہوئے۔ مختلف اقدامات کر کے بجلی کی قیمتوں کو نیچے لے کر آئیں گے۔‘

جمعرات کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا کہ ’پانچ آئی پی پیز کے ساتھ بات چیت کا آغاز کیا اور معاہدے کو سٹڈی کیا۔  ہم نے جائزہ لیا کہ کن پلانٹس کی ہمیں ضرورت ہے اور کن کی نہیں۔ معاہدے کو چند دنوں میں عملی جامع پہنائیں گے۔‘

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بجلی کی قیمت 10 روپے فی یونٹ سے کم ہونی چاہیے۔ ’ہم نے مل کر عوام کے 411 ارب روپے کی بچت کی۔ بجلی کی پیداواری کمپنیوں کے ساتھ باہمی مشاورت سے قیمتوں میں کمی لائیں گے۔‘

وزیر توانائی اویس لغاری کا مزید کہنا تھا کہ ’8 سے 10 ماہ تک بجلی کی قیمت کو 10 روپے تک لانے کے لیے کام کریں گے۔‘

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More