آئینی ترامیم کب سینیٹ میں پیش کردی جائیں گی؟ سینیٹر عرفان صدیقی نے بتا دیا

سچ ٹی وی  |  Oct 17, 2024

حکومت نے 26ویں آئینی ترمیم کے مسودے کو حتمی شکل دینےکیلئے کوششیں مزید تیز کردیں، وزیراعظم شہباز شریف نے ایوان صدر میں صدر مملکت آصف زرداری کی ملاقات کی ہے۔ حکومتی سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ آئینی ترامیم کل سینیٹ میں پیش کردی جائے گی۔

پارلیمنٹ ہاؤس میں صحافیوں سے غیررسمی گفتگو میں عرفان صدیقی نے کہا کہ اعظم نذیرتارڑ اور کامران مرتضیٰ نے خصوصی کمیٹی اجلاس میں مجوزہ آئینی ترامیم کے مسودے پر بریفنگ کے دوران یہ امکان ظاہرکیا ہے کہ مجوزہ آئینی ترمیم پراسی سے نوے فیصدکام ہوگیا، کل انشااللہ ترامیم سینیٹ میں پیش کردی جائیں گی۔

دوسری جانب مجوزہ 26 ویں آئینی ترمیم کے مسودے کو حتمی شکل دینے کے لیے حکومتی کوششوں میں تیزی کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے ایوان صدر میں صدر پاکستان آصف علی زرداری سے ملاقات کی ہے۔

دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف نے اتحادی سینیٹرز کے اعزاز میں ظہرانہ دیا جس میں وزیراعظم، چیئرمین سینیٹ اور ڈپٹی چیئرمین سمیت اتحادی سینیٹرز نے شرکت کی۔

واضح رہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت گزشتہ ماہ سے ایک اہم آئینی ترمیم کی منظوری کو یقینی بنانے کے لیے کوششیں کر رہی ہے، 16 ستمبر کو آئین میں 26ویں ترمیم کے حوالے سے اتفاق رائے نہ ہونے اور حکومت کو درکار دو تہائی اکثریت حاصل نہ ہونے پر قومی اسمبلی کا اجلاس غیرمعینہ مدت تک ملتوی کردیا گیا تھا۔

کئی دن کی کوششوں کے باوجود بھی آئینی پیکج پر اپوزیشن بالخصوص مولانا فضل الرحمٰن کو منانے میں ناکامی کے بعد ترمیم کی منظوری غیر معینہ مدت تک مؤخر کر دی گئی تھی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More