جو بائیڈن اور کملا ہیرس کا ڈونلڈ ٹرمپ کو ٹیلی فون، صدارتی الیکشن جیتنے پر مبارک باد

اردو نیوز  |  Nov 07, 2024

امریکی صدر جو بائیڈن نے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو صدارتی الیکشن میں کامیابی پر مبارک باد دیتے ہوئے ’مستقبل قریب‘ میں وائٹ ہاؤس میں ملاقات کی دعوت دی ہے۔فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی نے ترجمان وائٹ ہاؤس کے حوالے سے بتایا کہ صدر جو بائیڈن نے اقتدار کی پرامن انداز میں منتقلی کے عزم کا اظہار کیا اور ملک کو اکٹھا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

جو بائیڈن نے نائب صدر کملا ہیرس سے بھی ٹیلی فونک رابطہ کیا اور انہیں صدارتی انتخاب کے لیے تاریخی مہم چلانے پر مبارک باد دی۔امریکہ کی نائب صدر کملا ہیرس نے بھی ریپبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کو ٹیلی فون کر کے صدارتی الیکشن میں کامیابی پر مبارک باد دی ہے۔اے ایف پی کے مطابق نائب صدر کے ایک معتمد نے بتایا کہ ڈیموکریٹ امیدوار نے ڈونلڈ ٹرمپ سے پرامن اقتدار کی منتقلی پر تبادلہ خیال کیا۔دوسری جانب ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابی مہم کے انچارج سٹیون چیونگ کا کہنا ہے کہ ٹیلی فونک گفتگو میں دونوں رہنماؤں نے الیکشن مہم ختم ہونے کے بعد قوم میں اتحاد کی ضرورت پر زور دیا۔بیان کے مطابق نومنتخب امریکی صدر نے صدارتی مہم کے دوران کملا ہیرس کی استقامت اور پروفیشنلزم کو سراہا۔سٹیون چیونگ کا مزید کہنا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ اور کملا ہیرس نے ملک کو متحد کرنے کی اہمیت سے اتفاق کیا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More