"میں نے آن لائن کیب کے ذریعے بکنگ کی تھی اور جلدی میں تھی کیونکہ مجھے ایک دوست سے ملنے جانا تھا۔ اس وقت میرے پاس یہ چیک کرنے کا موقع ہی نہیں تھا کہ جس گاڑی میں میں سوار ہوئی وہ واقعی ایپ میں بک کی گئی تھی یا نہیں۔" اریج چودھری نے مارننگ شو میں گفتگو کرتے ہوئے اپنے خوفناک تجربے کا ذکر کیا۔
انہوں نے بتایا کہ ٹیکسی میں بیٹھنے کے بعد، وہ اپنے فون پر مصروف تھیں کہ اچانک انہیں احساس ہوا کہ گاڑی متعین راستے کے بجائے ایک ویران سڑک پر جا رہی ہے۔ ڈرائیور فون پر کسی سے بات کر رہا تھا اور انہیں ہدایات دے رہا تھا۔ "اچانک میں نے دیکھا کہ پانچ سے چھ بائیک سواروں نے ہماری کار کو گھیر لیا۔" اس لمحے کے خوف کو یاد کرتے ہوئے اریج نے بتایا کہ اگرچہ وہ شدید گھبراہٹ کا شکار ہوئیں، لیکن انہوں نے خود کو حوصلہ مند اور پرسکون دکھایا۔
اریج چودھری نے اپنی حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈرائیور کو قابو کرنے کے لیے پاکٹ چاقو کا استعمال کیا اور اسے گاڑی تیز کرنے پر مجبور کیا، جس سے وہ اغوا کی ممکنہ کوشش سے بچ نکلیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس واقعے نے ان کی زندگی پر گہرا اثر ڈالا اور انہیں مزید محتاط بنا دیا۔
اریج چودھری کو حالیہ مقبول ڈرامہ سیریل 'کبھی میں کبھی تم' میں ان کی جاندار اداکاری کے لیے یاد کیا جاتا ہے، جس میں ان کے ساتھ فہد مصطفیٰ، ہانیہ عامر، نعیمہ بٹ، اور عماد عرفانی شامل تھے۔ ڈرامے کی ہدایت کاری بدر محمود نے کی تھی۔