’پی ٹی آئی مخالف‘ سمجھے جانے والے طارق سدوزئی وزیراعلٰی کے مشیر کیسے بنے؟

اردو نیوز  |  Nov 12, 2024

خیبر پختونخوا کی کابینہ میں ایک اور رکن کا اضافہ کرتے ہوئے وزیراعلٰی نے سابق چیئرمین نیپرا ریٹائرڈ بریگیڈیئر طارق محمود سدوزئی کو وزیراعلٰی علی امین گنڈاپور نے 7 نومبر کو معاون خصوصی برائے توانائی تعینات کیا۔  

طارق سدوزئی کون ہیں؟ خیبر پختونخوا محکمہ پاور اینڈ انرجی کے معاون خصوصی طارق سدوزئی ماضی میں اہم عہدوں پر فرائض سرانجام دے چکے ہیں۔ انجینیئر طارق سدوزئی کراچی الیکٹرک سپلائی کارپوریشن میں 5 سال ایم ڈی کے عہدے پر کام کر چکے ہیں جبکہ سنہ 2012 سے 2014 تک پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی کے چیف ایگزیگٹیو آفیسر تعینات رہے۔ انہوں نے سنہ 2014 سے 2018 تک چیئرمین نیپرا کی حیثیت سے خدمات سرانجام دیں۔

امیر ترین محکمہ بنانے کا عزم معاون خصوصی طارق سدوزئی نے محکمہ توانائی کی ذمہ داری سنبھالنے کے بعد اپنے بیان میں کہا کہ صوبے میں دستیاب قدرتی وسائل بروئے کار لاکر محکمہ توانائی کو صوبے کا امیر ترین محکمہ بنائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ محکمے میں میرٹ اور شفافیت ان کی اولین ترجیح ہوگی۔

عمران خان کے بیان نے سابق سی ای او پیسکو کو متنازع بنایا خیبر پختونخوا کے وزیراعلٰی علی امین گنڈاپور کی ٹیم میں شامل کیے گئے نئے معاون خصوصی پر سنہ 2014 میں پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نے بجلی چوری کا الزام لگایا تھا۔

عمران خان نے 27 جنوری 2014 کو اے آر وائی نیوز کے پروگرام میں گفتگو کے دوران سابق چیف ایگزیگٹیو پیسکو طارق سدوزئی کے گھر بجلی چوری ہونے کا دعوی کیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا حکومت کے سابق وزیر اطلاعات شاہ فرمان نے پیسکو کے چیف کو گھر پربجلی چوری کرتے ہوئے پکڑا۔

ان الزامات کو بعد ازاں پیسکو ترجمان کی جانب سے مسترد کیا گیا اور پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی کے سابق چیف نے سابق وزیر اطلاعات شاہ فرمان کو 500 ملین کے ہرجانے کا نوٹس بھی بھیجا تھا۔

متنازع سابق افسر کو کابینہ کا حصہ کیوں بنایا گیا؟سینیئر تجزیہ کار مشتاق یوسفزئی نے اردو نیوز کو بتایا کہ سابق پیسکو چیف ایگزیگٹیو کے خلاف عمران خان اور سابق صوبائی وزیر شاہ فرمان کے الزامات سب کو معلوم ہیں مگر دلچسپ بات یہ ہے کہ اب اسی شخص کو پی ٹی آئی کے وزیراعلٰی نے اپنا معاون خصوصی مقرر کیا۔

ان کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے لیے یہ کوئی نئی بات نہیں۔ ’اگر ان کے خلاف کوئی بیان دیتا ہے تو وہ برا بن جاتا ہے اور اگر وہی شخص پی ٹی آئی کی حمایت میں آجائے تو وہ صاف ہوجاتا ہے۔‘ 

طارق سدوزئی کی تعیناتی مولانا فضل الرحمان سے قربت کا صلہ؟اس معاملے پر سینیئر صحافی محمد فہیم نے موقف اپنایا کہ طارق سدوزئی کا تعلق ڈیرہ اسماعیل خان سے ہے جو مولانا فضل الرحمان کے قریب سمجھتے جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جے یو آئی اور پی ٹی آئی کے درمیان 26 ویں آئینی ترمیم کی وجہ سے قربتیں بڑھیں اور ان میں دوریاں ختم ہوئیں۔ ’میں سمجھتا ہوں یہ اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے کیونکہ جمعیت کے کسی رکن کو براہ راست کابینہ میں شامل کرنا پی ٹی آئی کے لیے مشکل ہوتا اس لیے طارق سدوزئی کو معاون خصوصی کی حیثیت سے کابینہ میں شامل کیا گیا ہے۔‘

وزیراعلٰی نے طارق سدوزئی کو گزشتہ ہفتے اپنا معاون خصوصی مقرر کیا۔ فائل فوٹو: اے پی پیان کا کہنا تھا کہ طارق سدوزئی کو ٹیکنوکریٹ کے طور پر توانائی کا قلمدان دیا گیا ہے۔

صحافی محمد فہیم کے مطابق کل کے دشمن آج کے دوست بن گئے ہیں اسی طرح کل کے دوست اج کے دشمن بن سکتے ہیں۔ ’اس وقت سیاسی مخالفت کی وجہ سے بجلی چوری یا کنڈا ڈالنے کے جو الزامات لگائے گئے تھے آج دوستی کی وجہ سے وہ تمام بیانات بھی بدل گئے ہیں۔‘

دوسری جانب اسی معاملے پر اردو نیوز نے صوبائی حکومت سے موقف لینے کی کوشش کی مگر تاحال کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More