پاکستان میں ماحولیاتی آلودگی میں اضافے اور خاص کر لاہور کی سموگ سے بدتر حالت کے پیشِ نظر وزیراعظم شہباز شریف نے قوم سے بارش کے لیے نماز استسقاء ادا کرنے کی اپیل کی ہے۔جمعرات کو وزیراعظم آفس کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے قوم سے درخواست کی ہے کہ وہ نماز استسقاء ادا کرے اور اللہ تعالیٰ سے بارش کے لیے خصوصی دعا مانگی جائے۔انہوں نے علمائے کرام اور مشائخ عظام سے کہا کہ وہ خاص طور پر نماز استسقاء کے اہتمام میں اپنا کردار ادا کریں۔ بارش برسنے سے ماحول میں بہتری آئے گی اور اس سے بیماریوں سے نجات ملنے میں بڑی مدد مل سکتی ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ وفاق اور صوبوں کے زیرِاہتمام تمام مساجد میں نماز استسقاء کا اہتمام کیا جائے، موجودہ صورتحال میں بارش کی شدید ضرورت ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان کے محکمہ موسمیات نے ملک کے بالائی علاقوں میں جمعرات سے سنیچر تک تیز ہواؤں اور بارش کی پیش گوئی کی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق جمعے اور سنیچر کو پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے جبکہ مغربی ہواؤں کا سلسلہ جمعرات سے ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہونے کی توقع ہے۔اسی طرح جمعرات اور جمعے کے درمیان اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور لاہور میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق 14 سے 16 نومبر تک پنجاب میں بارشوں کا امکان ہے۔راولپنڈی، مری، اٹک، چکوال، تلہ گنگ، جہلم، فیصل آباد، گوجرانوالہ، لاہور، میانوالی، خوشاب، اور سرگودھا میں بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔جمعرات کو بھکر، لیہ اور ڈیرہ غازی خان میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ ممکنہ بارشوں سے سموگ میں کمی کے بھی امکانات ہیں۔