لاہور: پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ 4 روز میں پنجاب بھر میں درجنوں فیکٹریاں اور کارخانے سیل کر دیئے گئے۔
پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لاہور سمیت پنجاب میں اینٹی اسموگ گرینڈ آپریشن جاری ہے۔ اور پنجاب میں آلودگی کا سبب بننے والے درجنوں بھٹے مسمار کیے گئے۔
انہوں نے کہا کہ آلودگی پھیلانے والے صنعتی یونٹس مسمار کیے گئے ہیں۔ اور 4 دن میں پنجاب بھر میں درجنوں فیکٹریاں اور کارخانے سیل کر دیئے گئے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ 15 سے 17 نومبر تک مزید 17 بھٹے گرائے گئے جبکہ ملتان میں 14 اور لیہ میں 8 بھٹے گرائے گئے۔ 15 نومبر کو لاہور اور گوجرانوالہ میں 20 صنعتی یونٹس مسمار کیے گئے اور 16 ، 17 نومبر کو 16 صنعتی یونٹس گرائے گئے۔
انہوں نے کہا کہ لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ اور قصور میں کارروائیاں کی گئیں۔ جبکہ آلودگی پھیلانے پر 51 صنعتی یونٹس کو سیل کیا گیا اور فیروز والا میں اسٹیل مل بھی سیل کر دی گئی۔ لاہور میں 30 یونٹس سیل اور 5 صنعتی یونٹس گرائے جا چکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کو اسلام آباد میں فساد کی اجازت نہیں دیں گے، عظمیٰ بخاری
سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ لاہور میں آلودگی کا سبب بننے پر یونٹس کو 4لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا۔ تعمیراتی سامان لے جانے والی گاڑیوں کو نہ ڈھانپنے پر بھی کارروائی جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ گرین لاک ڈاؤن والے علاقوں میں سیف سٹی کیمروں سے نگرانی جاری ہے۔ اور لاہور کی شاہراہوں پر پانی کا چھڑکاؤ کیا جا رہا ہے۔