بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان نے اپنی فلموں کی ناکامی پر کئی بار باتھ روم جاکر رونے کا انکشاف کیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ روز شاہ رخ خان نے دبئی میں ہونے والی Global Freight Summit میں شرکت کی اس دوران اداکار نے سامعین کی حوصلہ افزائی کیلئے اپنی زندگی کی ناکامیوں پر بات کی۔
شاہ رخ نے سامعین سے کہا کہ ’ہر انسان کو چاہیے کہ وہ ناکامیوں پر رونے کے بجائے خود پر بھروسہ رکھے، اس کی وضاحت کیلئے شاہ رخ نے مثال پیش کی کہ اگر کوئی فلم باکس آفس پر اچھی کارکردگی نہیں دکھاپاتی تو ایسا اس لیے نہیں کہ اس کے خلاف کوئی سازش ہورہی ہے بلکہ ایسا اس لیے ہے کہ یہ فلم اپنے ناظرین کو خود سے جوڑے رکھنے میں ناکام رہی‘۔
بالی وڈ کنگ کا کہنا تھا کہ ’اگر آپ کبھی ناکام ہوجائیں تو یہ نہ سوچیں کہ آپ کی جاب یا آپ کا کام غلط ہے، ہو سکتا ہے کہ آپ جس ماحول میں کام کررہے ہیں آپ اسے سمجھ نہ پائے ہوں، آپ کو یہ سمجھنا ہوگا کہ لوگ آپ کے کام پر کس طرح کے ردعمل کا اظہار کرتے ہیں، اگر میں ان لوگوں کیلئے جن کی میں ملازمت کرتا ہوں جذبات پیدا نہیں کر سکتا تو میرا پروڈکٹ چاہے جتنا بھی شاندار ہو اچھا نہیں ہوسکتا ‘۔
شاہ رخ کی وضاحت پر ان سے سوال کیا گیا کہ آیا وہ اپنے کام پر تنقید کررہے ہیں ؟ تو ان کا کہنا تھا کہ ’مجھے تنقیدکو محسوس کرنے سے بھی نفرت ہے، میں اپنے باتھ روم میں بہت رویا کیوں کہ میں لوگوں کو نہیں دکھانا چاہتا تھا لیکن اس کے باوجود آپ کو یقین کرنا ہوگا کہ دنیا آپ کے خلاف نہیں ہے، آپ کی فلم آپ کی وجہ سے ناکام نہیں ہوئی نہ ہی دنیا نے آپ کے خلاف سازش کی بلکہ آپ نے اس فلم کو اچھا نہیں بنایا، آپ نے اسی سوچ کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا‘۔
کنگ خان کا کہنا تھا کہ ’مایوسی کے باوجود اٹھنا اور آگے بڑھنا سیکھنا چاہیے، یہ نہ سوچیں کہ کچھ چیزیں صرف آپ کیلئے غلط ہورہی ہیں تسلیم کریں کہ زندگی آگے بڑھنے کا نام ہے، زندگی میں وہی ہوگا جو لکھ دیا گیا ہے، آپ خود کو اس کے لیے مورد الزام ٹھہرانا نہیں سکتے‘۔
واضح رہے کہ شاہ رخ خان جلد ہی اپنی نئی فلم ’ کنگ ‘ میں نظر آئیں گے جس میں ان کی بیٹی سہانا خان بھی جلوہ گر ہوں گی۔