کراچی: ہتھنی مدھو بالا کو بہنوں سے ملوانے کی تیاریاں مکمل، سفاری پارک منتقل کیا جائے گا

اردو نیوز  |  Nov 25, 2024

پاکستان کے سب بڑے شہر کراچی کے تاریخی چڑیا گھر میں موجود ہتھنی مدھوبالا کو سفاری پارک منتقل کرنے کی تیاریاں پوری کر لی گئی ہیں۔ آئندہ روز منگل کو ایک کنٹینر کے ذریعے مدھوبالا کو اس کی بہنوں کے پاس منتقل کیا جائے گا۔

کراچی میں موجود جانوروں کی دیکھ بھال کرنے والی عالمی تنظیم فور پاز کا کہنا ہے کہ کئی سال کی مسلسل محنت کے بعد بالآخر وہ گھڑی آگئی ہے جب مدھو بالا کو کراچی چڑیا گھر کے ماحول سے نکال کر سفاری پارک میں اس کی بہنوں کے پاس ایک آرام دہ اور بہتر ماحول میں منقتل کیا جا رہا ہے۔

فور پاز کی ٹیم کا کہنا ہے کہ ہاتھی ایک سمجھدار جانور ہے اور اس کو توجہ کی ضرورت ہوتی ہے۔

 فور پاز کی ٹیم نے کوشش کی ہے کہ ان جانوروں کو ایسا ماحول فراہم کیا جائے جہاں یہ آرام دہ اور صحت مند زندگی گزار سکیں۔

مدھو بالا کو منتقل کرنے والی ٹیم کے سربراہ عامر خلیل کے مطابق نئے مقام پر ہاتھیوں کو چلنے پھرنے کی آزادی ہو گی جہاں وہ پانی میں نہانے کے علاوہ تالاب میں کھیل سکیں گے اور دوسرے تفریحی علاقوں میں بھی جانے کا بھرپور موقع ملے گا۔

واضح رہے کہ سفاری پارک میں ہاتھیوں کے رہنے کے لیے پہلے کے مقابلے میں تین گنا زیادہ بڑی جگہ بنائی گئی ہے جہاں یہ تینوں ہاتھی بہتر ماحول میں رہ سکیں گے۔

کراچی کے سفاری پارک میں ہتھنی مدھوبالا کے استقبال کی تیاریاں بھی مکمل کر لی گئی ہیں۔ مدھوبالا 15 سال بعد اپنی بہنوں سونیا اور ملائکہ سے ملنے جا رہی ہے۔

میئر کراچی کی جانب سے مدھوبالا کی منتقلی کی تاریخ 26 نومبر مقرر کی گئی ہے۔

سفاری پارک میں ہاتھیوں کے لیے بہتر انتظامات ہیں۔ فوٹو: بشکریہ فور پوز

یاد رہے کہ یہ ہاتھی سال 2009 کے وسط میں تنزانیہ سے پاکستان لائے گئے تھے۔ ان میں سے دو کو کراچی چڑیا گھر جبکہ دو کو سفاری پارک میں رکھا گیا تھا۔

ان چار مادہ ہاتھیوں میں سے ایک ہتھنی نور جہاں گزشتہ برس مارچ میں کراچی کے چڑیا گھر میں بیماری کے باعث دم توڑ گئی تھی۔ نور جہاں کی موت کے بعد بلدیہ عظمیٰ کراچی اور فور پاز کی ٹیم نے مدھوبالا کو چڑیا گھر سے سفاری پارک منتقل کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More