پہلا ون ڈے: پاکستان نے جنوبی افریقہ کو ہرا دیا

اردو نیوز  |  Dec 18, 2024

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان تین ون ڈے میچوں پر مشتمل سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے میزبان جنوبی افریقہ کو تین وکٹوں سے شکست دے دی۔

منگل کو بولینڈ پارک، پارل میں جنوبی افریقہ کے 240 رنز کا ہدف پاکستان نے 50 ویں اوور کی تیسری گیند پرحاصل کیا۔ پاکستان کی جانب سے صائم ایوب کے شاندار 109 اور سلمان علی آغا کی 82 رنز کی ناقابل شکست اننگز نے پاکستان کی جیت میں بنیادی کردار ادا کیا۔

صائم ایوب اور سلمان علی آغا مشترکہ طور پر مین آف دی میچ رہے۔

ان کے علاوہ بابر اعظم نے 23 رنز بنائے جبکہ پاکستان کی جانب سے کوئی اور کھلاڑی ڈبل فیگر میں داخل نہ ہو سکا۔ سلمان علی آغا نے چار وکٹیں بھی حاصل کیں۔

جنوبی افریقہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 239 رنز بنائے تھے۔

پاکستان کی اننگز

پاکستان نے جنوبی افریقہ کے ہدف کے تعاقب کا آغاز کیا تو پہلی وکٹ دوسرے اوور کی چوتھی گیند پر عبداللہ شفیق کی صورت میں اس وقت گری جب ٹیم کا مجموعی سکور صرف دو رنز تھے، وہ صفر پر آؤٹ ہوئے۔

اس کے بعد بابر اعظم ون ڈاؤن کے طور پر وکٹ پر اترے، بابر اعظم اور اوپنر صائم ایوب نے 15ویں اوور تک وکٹ کو تو بچا کر رکھا لیکن ٹیم کے سکور میں کوئی بڑا اضافہ نہ کر سکے۔

پاکستان کی دوسری وکٹ بابر اعظم کی صورت میں 15ویں اوور کی تیسری گیند پر گری جب ٹیم کا مجموعی سکور 46 رنز تھے۔ اس کے بعد ٹو ڈاؤن آنے والے کپتان محمد رضوان صرف ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے جبکہ عرفان خان ایک، شاہین شاہ آفریدی صفر اور  کامران غلام چار رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

صائم ایوب نے دوسری اننگز کی اوپنگ کی اور پھر طویل دیر تک کریز پر ٹکے رہے۔

صائم ایوب اور سلمان علی آغا نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا (فوٹو: اے ایف پی)

ان کے ساتھ دوسری وکٹ پر آنے والے کھلاڑی یکے بعد دیگرے آؤٹ ہوتے رہے لیکن صائم ایوب کی پر اعتماد اور جارحانہ بیٹنگ نے پاکستان کے ہاتھ سے جاتے ہوئے میچ کو بچایا اور ہدف کے تعاقب میں بنیاد فراہم کی وگرنہ 60 کے مجموعی رنز پر ٹاپ آرڈر کی ناکامی کے بعد پاکستان کے لیے مقابلہ مشکل ہوتا جا رہا تھا۔

صائم ایوب تین چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے 109 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔

سلمان علی آغا نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے 82 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ نسیم شاہ آفریدی بھی نو رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ پویلین لوٹے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے کاگیسو رباڈا اور اوٹنِیل بارٹ مین نے دو، دو جبکہ  مارکو یانسین اور  تبریز شمسی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

جنوبی افریقہ کی اننگز

جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر اننگر کا پراعتماد آغاز کیا۔ اوپنر ٹونی ڈِی زورزی اور رائن رِکلٹن نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلے 10 اوورز تک ٹیم کا سکور باہمی شراکت داری میں 70 تک پہنچایا۔

ٹونی ڈِی زورزی 33 اور  رائن رِکلٹن 36 رنز بنا کر سلمان علی آغا کا شکار بنے۔ اس کے بعد سلمان علی آغا ہی کے ہاتھوں راسی وینڈر ڈوسن آٹھ اور ٹرسٹن سٹبز ایک رنز بنا کر چلتے بنے۔

یوں 14ویں اوور کی پہلی گیند پر 90 کے مجموعی رنز پر جنوبی افریقہ کے ٹاپ آرڈر پویلین لوٹ چکا تھا۔

ہینرک کلاسین کریز پر اترے اور نہ کہ صرف انہوں نے تیزی سے گرتی ہوئی وکٹوں کو بچایا بلکہ چوکے اور چھکے لگا کر ٹیم کے سکور میں بھی نمایاں اضافہ کیا۔ ہینرک کلاسین دو چوکوں اور سات چھکوں می مدد سے 86 رنز کی اننگز کھیل کر شاہین آفریدی کا شکار بنے۔

ہینرک کلاسین نے دو چوکوں اور سات چھکوں می مدد سے 86 رنز بنائے (فوٹو: اے ایف پی)

ایڈن مارکرم 35، اینڈل فلیوک وایو ایک، مارکو جانسین 10، کاگیسو رباڈا 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ اوٹنِیل بارٹ مین 10 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ پویلین لوٹے۔

پاکستان کی جانب سے سلمان علی آغا نے چار، ابرار احمد نے دو جبکہ شاہین شاہ آفریدی اور صائم ایوب نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان کی پلیئنگ الیون

پاکستان کی پلیئنگ الیون میں صائم ایوب، عبداللہ شفیق، بابر اعظم ،محمد رضوان (کپتان) ، کامران غلام، سلمان آغا، عرفان خان ، شاہین آفریدی، نسیم شاہ، حارث روف اور ابرار احمد شامل تھے۔

جنوبی افریقہ کی پلیئنگ الیون

ٹونی ڈِی زورزی، رائن رِکلٹن، راسی وینڈر ڈوسن، ایڈن مارکرم، ٹرسٹن سٹبز، ہینرک کلاسین (وکٹ کیپر)، مارکو یانسین، اینڈل فلیوک وایو، کاگیسو رباڈا، اوٹنِیل بارٹ مین اور تبریز شمسی جنوبی افریقہ کی پلیئنگ الیون کا حصہ تھے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More