خیبرپختونخوا کی اپیکس کمیٹی نے کُرم میں قیام امن کے لیے تمام بنکرز ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ اجلاس میں اپیکس کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ کُرم میں بنکرز اور اسلحے کے خاتمے کے بغیر پائیدار امن ممکن نہیں ہے،کُرم میں ادویہ اور دیگر اشیا بروقت فراہم کی جائیں گی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے پشاور میں مشترکہ طور پر خیبرپختونخوا کی اپیکس کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی۔
اجلاس میں اپیکس کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ کُرم میں بنکرز اور اسلحے کے خاتمے کے بغیر پائیدار امن ممکن نہیں ہے،کُرم میں ادویہ اور دیگر اشیا بروقت فراہم کی جائیں گی۔
اجلاس میں امن امان کے لیے قائم گرینڈ جرگہ کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا اور نگراں کمیٹی کو صلح کے لیے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کی گئی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ امن و امان برقرار رکھنے کے لیے گرینڈ جرگہ سے ملاقاتیں جارہی رہیں گی۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کے لیے وفاقی حکومت اقدامات اُٹھائے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ ملک بھر میں امن امان برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہیں، ہر سطح پر امن یقینی بنانے کے لیے اقدامات اُٹھائے جائیں گے، اجلاس میں چیف سیکریٹری، آئی جی پولیس خیبرپختونخوا اور عسکری حکام نے بریفنگ دی۔
قبل ازیں، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور سے ملاقات کرکے صوبے میں قیام امن کے حوالے سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی تھی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے ایوان وزیر اعلیٰ آمد پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا خیر مقدم کیا، دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں صوبے میں امن و امان کی صورتحال اور کرم میں قیام امن کے لیے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کو قیام امن کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعدادکار بڑھانے میں پورا تعاون کریں گے، کرم میں قیام امن اولین ترجیح ہے۔