یورپی یونین کا پاکستان کی فوجی عدالتوں سے 25 شہریوں کو سزا سنانے پر اظہارِ تشویش

اردو نیوز  |  Dec 23, 2024

یورپی یونین نے پاکستان میں فوجی عدالت کی جانب سے 25 شہریوں کو سزا سنائے جانے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

اتوار کو یورپی یونین کے خارجہ امور کے ترجمان نے فوجی عدالت کے فیصلے کے حوالے سے جاری بیان میں کہا کہ ’ان فیصلوں کو پاکستان کے ان وعدوں کی خلاف ورزی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے جو بین الاقوامی عہد برائے شہری و سیاسی حقوق (آئی سی سی پی آر) کے تحت کیے گئے ہیں۔‘

خیال رہے کہ سنیچر کو پاکستان کی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بیان میں کہا تھا کہ نو مئی کے واقعات میں ملوث 25 ملزمان کو سزائیں سنا دی گئی ہیں۔

یورپی یونین نے مزید کہا کہ ’آئی سی سی پی آر کی شق 14 کے مطابق ہر شخص کو ایک ایسی عدالت میں عوامی اور منصفانہ ٹرائل کا حق حاصل ہے جو آزاد، غیرجانبدار اور قابل عدالت ہو اور جو مناسب اور مؤثر قانونی نمائندگی کا حق بھی رکھتی ہو۔‘

بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ’فوجداری کیس میں دیے گئے کسی بھی فیصلے کو عوام کے سامنے پیش کیا جانا چاہیے۔‘

’یورپی یونین کی جنرلائزڈ سکیم آف پریفرنسز پلس (جی ایس پی پلس) سے فائدہ اٹھانے والے ممالک میں پاکستان بھی شامل ہے، جس نے رضاکارانہ طور پر ان 27 بین الاقوامی معاہدوں کو نافذ کرنے کا وعدہ کیا ہوا ہے جن میں آئی سی سی پی آر بھی شامل ہے، تاکہ ملنے والی تجارتی مراعات سے مستفید ہوا جا سکے۔‘

بیان کے مطابق جی سی پی پلس کے تحت ملنے والی ترجیحی تجارت کی حیثیت سے پاکستان کی برآمدات کو ڈیوٹی کے بغیر یورپی منڈیوں تک رسائی حاصل ہے۔

اس سے قبل یورپی یونین پاکستان میں مذہب کے نام پر ہونے والی شدت پسندی پر اپنے خدشات کا اظہار کر چکا ہے۔ یورپی یونین کے مطاق پاکستان میں توہین مذہب کے قوانین اور جبری طور پر مذاہب کی تبدیلی سے مذہبی اقلیتوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر نے کہا تھا کہ ’9 مئی 2023  کو قوم نے سیاسی طور پر بھڑکائے گئے اشتعال انگیز تشدد اورجلاؤ گھیراؤ کے افسوسناک واقعات دیکھے۔ 9 مئی کے پُرتشدد واقعات پاکستان کی تاریخ میں ایک سیاہ باب کی حیثیت رکھتے ہیں۔‘

آئی ایس پی آر نے مزید کہا تھا کہ کسی کو بھی سیاسی دہشت گردی کے ذریعے اپنی مرضی دوسروں پر مسلّط کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More