بلوچستان: ولیمے پر کیوں نہیں بلایا؟ لورالائی میں پڑوسی نے میزبان کا سر پھاڑ دیا

اردو نیوز  |  Dec 23, 2024

شادی میں کسی کو بلانے یا نہ بلانے کا معاملہ میزبان کے لیے ہمیشہ پریشانی کا باعث رہتا ہے کیونکہ نہ بلانے پر ناراضی کے خدشات ہوتے ہیں اور بلوچستان میں ایسے ہی ایک واقعے کے نتیجے میں ایک شخص نے پڑوسی کو زخمی کر دیا۔

پولیس کے مطابق حملے کے بعد فرار ہو جانے والے شخص کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

لورالائی کے ایس ایچ او انور جلال زئی نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’واقعہ اتوار کی شام کو محلے کی مسجد میں پیش آیا، جہاں جان گل نے ملک فضل محمد کے سر پر پتھر مار کر زخمی کر دیا اور فرار ہو گیا۔‘

ان کے مطابق ’ملک فضل محمد کے بھتیجے کی شادی ایک ماہ قبل ہی ہوتئی تھی، جس کے ولیمے میں نہ بلانے پر جان گل ناراض تھا۔‘

زخمی ملک فضل محمد نے پولیس کو بتایا کہ ’میں مسجد میں وضو کر رہا تھا اس دوران جان گل آیا اور کہا کہ مجھے دعوت ولیمہ میں کیوں نہیں بلایا، جس پر بتایا کہ آپ کے بڑے بھائی کو دعوت دی تھی، سب کو تو نہیں بلا سکتا۔‘

پولیس کے مطابق ’اس پر جان گل نے میزبان کو طعنے دیے اور تلخ کلامی شروع ہو گئی اور بات ہاتھا پائی تک بڑھ گئی، جس میں فضل محمد کو سر پر چوٹ آئی۔‘

زخمی کی شکایت پر پولیس نے تھانہ سٹی میں ملزم جان گل کے خلاف تعزیرات پاکستان کی دفعہ 337 اے ڈی کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔ 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More