پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ گلوکار راحت فتح علی خان نے بنگلہ دیش میں اپنی گائیکی کے جلوے بکھیر کر مداحوں کے دل جیت لیے اور اس کے ساتھ ہی ایک خطیر رقم بھی وصول کی۔
راحت فتح علی خان، جنہوں نے بالی ووڈ کے کئی سپر ہٹ گانوں میں اپنی آواز کا جادو جگایا، حال ہی میں بنگلہ دیش پریمیئر لیگ (بی پی ایل) کے میوزک فیسٹیول میں شریک ہوئے۔ اس ایونٹ میں ان کی شاندار پرفارمنس کے بدلے انھیں 3 کروڑ 40 لاکھ ٹکا معاوضہ دیا گیا، جو پاکستانی کرنسی میں تقریباً 8 کروڑ روپے بنتا ہے۔
بنگلہ دیشی میڈیا کا کہنا ہے کہ راحت فتح علی خان نے شیر بنگلہ اسٹیڈیم میں اپنی جادوئی آواز کے ذریعے ہزاروں شائقین کو محظوظ کیا۔ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے گلوکار کی بڑی فین فالوئنگ کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا کہ انہیں بھاری معاوضہ دیا جائے، کیونکہ ان کی شرکت سے نہ صرف ایونٹ کا معیار بلند ہوا بلکہ شائقین کے جوش میں بھی اضافہ ہوا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ بی پی ایل میوزک فیسٹیول کے ٹکٹوں کی فروخت ابتدا میں کچھ خاص نہیں رہی، جس کے باعث ٹکٹ کی قیمتیں کم کی گئیں۔ پلاٹینم ٹکٹ 12 ہزار ٹکا سے گھٹا کر 8 ہزار، گولڈ ٹکٹ 6 ہزار سے کم کرکے 4 ہزار اور سلور ٹکٹ کی قیمت بھی 2 ہزار ٹکا گھٹا دی گئی تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس میوزیکل شو کا لطف اٹھا سکیں۔
راحت فتح علی خان کی پرفارمنس نہ صرف ایک یادگار لمحہ تھی بلکہ بنگلہ دیشی عوام کے دلوں میں ان کی محبت کا اظہار بھی، جو ان کی منفرد آواز کی گونج کو سرحدوں سے ماورا ثابت کرتی ہے۔