بالی وڈ کے معروف اداکار عامر خان نے حال ہی میں اپنے ماضی کی کچھ ’بُری عادات‘ کے متعلق بتایا ہے۔ایک انٹرویو میں عامر خان نے اپنی شخصیت کے متعلق کچھ ایسی باتیں بتائی ہیں جو اس سے قبل سامنے نہیں آئی تھیں۔مسٹر پرفیکشنسٹ کو ایک عرصے میں کثرت سے شراب پینے کی لت لگ گئی تھی۔ انہوں نے اس بات کا اعتراف کیا کہ ایک عرصے میں ان کی ساری ساری رات شراب نوشی میں گزر جاتی تھی۔اداکار نے اس بات کا انکشاف نانا پاٹیکر کے ساتھ گفتگو میں کیا جو ’زی میوزک کمپنی‘ کے یوٹیوب چینل پر شیئر کی گئی ہے۔عامر خان کہتے ہیں کہ ان میں تین خراب عادتیں ہیں۔ ایک تو وہ شراب پیتے تھے، دوسرا سیگریٹ پیتے تھے اور تیسرا وہ انتہائی غیرمنظم ہیں۔اس بات چیت کے دوران عامر خان نے جب بتایا کہ وہ زندگی میں غیرمنظم ہیں تو اس پر نانا پاٹیکر نے ان سے کہا کہ وہ تو فلم کی شوٹنگ میں ہمیشہ وقت پر پہنچتے ہیں۔نانا پاٹیکر کے سوال کے جواب میں عامر خان کا کہنا تھا کہ ’فلم کے معاملے میں، میں ہمیشہ وقت پر آتا ہوں، میں کام کے معاملے میں غیرمنظم نہیں ہوں، میں ذاتی زندگی میں غیرمنظم ہوں۔‘اسی دوران نانا پاٹیکر نے عامر خان سے ان کی بری عادات کے بارے میں پوچھا۔اس کے جواب میں عامر خان نے کہا کہ ’پہلے میں شراب پیتا تھا اور پوری پوری رات پیتا تھا لیکن اب اس سے چھٹکارا حاصل کر لیا ہے، البتہ پائپ اب بھی پیتا ہوں، میرا مسئلہ یہ ہے کہ میں ایک شدت پسند انسان ہوں اور میں جس کام میں پڑ جاؤں، وہ پوری شدت سے کرتا ہوں۔‘وہ اپنی بات جاری رکھتے ہوئے مزید کہتے ہیں کہ ’یہ کوئی اچھی عادت نہیں تھی اور مجھے اس بات کا اندازہ تھا کہ میں ایک غلط کام کر رہا ہوں لیکن میں خود کو روک نہیں پاتا تھا۔‘