بالی ووڈ کی مشہور اداکارہ شردھا کپور اور راج کمار راؤ کی مقبول ہارر کامیڈی سیریز کے تیسرے حصے ’استری 3‘ کی ریلیز کی تاریخ سامنے آگئی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق فلم کے تخلیق کاروں نے ’استری 3‘ کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے، اس بلاک بسٹر فرنچائز کی تیسری فلم 13 اگست 2027 کو سنیما گھروں میں ریلیز کی جائے گی۔
یاد رہے کہ مدھو فلمز کے بینر تلے بننے والی فلم استری کی شاندار کامیابی کے بعد حال ہی میں ریلیز ہونے والی استری 2 بلاک بسٹر رہی، اس نے مجموعی طور پر 874 کروڑ کمائے جس کے بعد اس کے تیسرے حصےکا اعلان کیا گیا ہے۔ اس فلم میں بھی شردھا کے ساتھ راج کمار راؤ اداکاری کے جوہر دکھائیں گے۔
علاوہ ازیں مدھو فلمز نے اپنی دیگر مشہور ہارر کامیڈی فلموں کی ریلیز کی تاریخوں کا بھی اعلان کیا ہے، جن بھیڑیا 2، مہا منجیا بھی شامل ہیں۔
یہاں یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ 2024 مدھو فلمز کے لیے ایک کامیاب سال ثابت ہوا ہے کیونکہ اس سال انہوں نے ’استری 2‘، ’منجیا‘، اور ’تیری باتوں میں ایسا الجھا جیا‘ جیسی سپر ہٹ فلمیں پیش کیں جو بلاک بسٹر رہیں۔