’سوشل میڈیا تک غیرمعمولی رسائی،‘ ناروے کو ایلون مسک کی سیاسی مداخلت پر تشویش

اردو نیوز  |  Jan 06, 2025

ناروے کے وزیراعظم جوناس گہر ستورے نے دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک کے امریکہ سے باہر دیگر ممالک کے سیاسی معاملات میں مداخلت پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق امریکی نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اتحادی ایلون مسک نے گذشتہ ماہ جرمنی میں امیگریشن اور اسلام مخالف سیاسی جماعت کے لیے اپنی حمایت کا اعلان کیا تھا جبکہ حال ہی میں برطانوی سیاست پر بھی تبصرہ کیا ہے۔

ناروے کے وزیراعظم جوناس گہر ستورے نے سرکاری ٹیلی ویژن چینل ’این آر کے‘ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’مجھے اس بات پر تشویش ہے کہ ایک شخص جس کو سوشل میڈیا تک غیرمعمولی رسائی حاصل ہے اور جو بے تحاشہ مالی وسائل رکھتا ہے، وہ براہ راست اندرونی سیاست اور دیگر ممالک کی اندرونی سیاست میں خود کو ملوث کر رہا ہے۔‘

’جمہوریتوں اور اتحادیوں میں معاملات کو اس طرح سے نہیں چلنا چاہیے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ اگر ایلون مسک نے ناروے کی سیاست میں دخل اندازی کی، تو ملک کے سیاستدانوں کو اجتماعی طور پر ایسی کوششوں سے دور رہنا ہوگا۔

ایلون مسک نے ڈونلڈ ٹرمپ کو انتخابات میں جتوانے کے لیے 20 کروڑ 50 لاکھ ڈالر سے زیادہ فنڈ دیا تھا۔ منتخب ہونے کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ نے ایلون مسک کو وفاقی بجٹ کے حوالے سے خصوصی مشیر تعینات کیا ہے۔

گذشتہ ہفتے جرمن حکومت نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس اور ٹیسلا کے سربراہ ایلون مسک پر الزام عائد کیا تھا کہ انہوں نے جرمنی میں ہونے والے انتخابات پر اثرانداز ہونے کی کوشش کی ہے۔

جرمنی کے وائس چانسلر رابرٹ ہیبک نے کہا ہے کہ ایلون مسک کی جرمنی کی دائیں بازو کی جماعت کے لیے حمایت ایک کمزور یورپ کے لیے ’منطقی اور منظم‘ کھیل ہے جو مضبوط طریقے سے اپنا کنٹرول قائم نہیں رکھ سکے گا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More