پاکستان میں اپوزیشن جماعت تحریک انصاف اور حکومت کے درمیان مذاکرات کے تیسرے اجلاس کی تاریخ کا تاحال فیصلہ نہیں ہو سکا اور پی ٹی آئی کی جانب سے بیان کے بعد قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے ترجمان نے کہا ہے کہ فریقین میں تلخیاں اور سیاسی کشیدگی کے خاتمے میں سپیکر ایاز صادق کا کلیدی کردار ہے۔اتوار کو قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے ترجمان نے سپیکر کی مذاکرات کے حوالے سے آبزرویشن جاری کرتے ہوئے کہا کہ ایاز صادق نے متعدد مواقع پر حکومت اور اپوزیشن کو تعمیری اور مثبت بات چیت کی تجویز دی۔ترجمان کے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ ایاز صادق نے گزشتہ اجلاس میں باقاعدہ رولنگ کے ذریعے سپیکر آفس کے دروازے تمام اراکین کے لیے کھولنے کا اعلان کیا۔’ایاز صادق نے حکومت سے زیادہ اپوزیشن کو وقت دینے کی نہ صرف بات کی بلکہ اس پر عمل بھی کیا۔ سپیکر قومی اسمبلی افہام و تفہیم کے ساتھ مسائل کا حل مذاکرات کے ذریعے نکالنے پر یقین رکھتے ہیں۔‘قومی اسمبلی کے ترجمان کے مطابق ’حکومت نے اتوار دن اڑھائی بجے کمیٹی کی ملاقات کے بارے میں سپیکر آفس کو باضابط طور پر آگاہ کیا۔ حکومت نے سپیکر کے پیغام کے بعد اڈیالہ جیل میں مذاکراتی کمیٹی کی ملاقات کا اہتمام کیا ہے۔‘ترجمان نے کہا کہ سپیکر قومی اسمبلی اب بھی خلوص نیت سے مذاکرات میں سہولت کاری کر رہے ہیں۔ ’یہ سپیکر کی ہی کامیابی ہے کہ ایک دوسرے سے ہاتھ نہ ملا نے والے آج ایک میز پر بیٹھے ہیں۔‘ترجمان نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن دونوں پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ سپیکر کی سہولت کاری کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ملک کی بہتری کے لیے کام کریں۔ ’سپیکر نے فریقین کو فورم فراہم کیا ہے اور وہ ان مذاکرات کی کامیابی چاہتے ہیں۔‘اس سے قبل تحریک انصاف کی مذاکراتی کمیٹی کے ترجمان حامد رضا نے کہا تھا کہ اگلے اجلاس کے لیے اُن کی جماعت کا سپیکر سے رابطہ نہیں ہو پا رہا۔سنیچر کو بیان میں اُن کا کہنا تھا کہ اپوزیشن مذاکراتی کمیٹی کے سربراہ عمر ایوب خان کی طرف سے سپیکر ایاز صادق سے ٹیلی فونک رابطہ کی کوشش کی گئی مگررابطہ قائم نہ ہو سکا۔حامد رضا نے کہا کہ ’سپیکر قومی اسمبلی کو بذریعہ میسج آگاہ کیا گیا کہ اپوزیشن مذاکراتی کمیٹی اتوار 12 جنوری یا پیر13 جنوری کو مذاکراتی کمیٹی کے تیسرے اجلاس کے لیے تیار ہے۔‘اتوار کو قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے ترجمان نے سپیکر کی مذاکرات کے حوالے سے آبزرویشن جاری کی۔ فوٹو: سکرین گریبانہوں نے کہا کہ ’مذاکراتی کمیٹیوں کی دوسری میٹنگ میں سپیکر ایاز صادق کی موجودگی میں حکومتی مذاکراتی کمیٹی نے عمران خان صاحب آزادانہ اور طویل نشست کی ملاقات کی یقین دہانی کروائی تھی جس میں حکومتی کمیٹی مکمل طور پر ناکام رہی۔‘حامد رضا نے کہا کہ ’سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق پوری قوم کو آگاہ کریں کہ حکومت اپنی کمٹمنٹ پوری کرنے میں ناکام ہوئی اور عمران خان سے ہماری ملاقات نہیں کروا سکی۔‘ان کا کہنا تھا کہ مذاکراتی کمیٹی کی تیسری میٹنگ کے بعد اگر 9مئی اور 26 نومبر کے حوالے سے آزادانہ اور غیر جانبدارانہ جوڈیشل کمیشن تشکیل نہ دیا گیا تو مذاکرات کا عمل معطل ہو جائے گا۔حامد رضا نے کہا کہ تحریک انصاف کی مذاکراتی کمیٹی آئندہ ہونے والی مذاکراتی میٹنگ کے اندر اپنے مطالبات تحریری صورت میں جمع کروا دے گی۔خیال رہے کہ سپیکر قومی اسمبلی نے اس سے قبل کہا تھا کہ دونوں کمیٹیاں جب چاہیں گی وہ مذاکرات کے لیے تیسرا اجلااس طلب کر لیں گے۔