فوج اور عوام میں خلیج کا بیانیہ بیرون ملک سے چلایا جاتا ہے:آرمی چیف

اردو نیوز  |  Jan 14, 2025

پاکستان کے آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ عوام اور فوج کے درمیان ایک خاص رشتہ ہے اور اس رشتے میں کسی خلیج کا جھوٹا بیانیہ بنیادی طور پر بیرون ملک سے ایک مخصوص ایجنڈے کے ذریعے چلایا جاتا ہے۔

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف  خیبر پختونخوا کے سیاسی  قائدین سے پشاور میں ملاقات کے دوران بات چیت کر رہے تھے۔

اعلامیے کے مطابق ملاقات کے دوران آرمی چیف عاصم منیر نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر سب پارٹیوں کا اتفاق حوصلہ مند ہے مگر اس پر تیزی سے کام کرنا ہوگا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ہماری پالیسی صرف اور صرف پاکستان ہے۔‘

’افغانستان ہمارا برادر پڑوسی اسلامی ملک ہے اور پاکستان افغانستان سے ہمیشہ بہتر تعلقات کا خواہاں رہا ہے۔ افغانستان سے صرف فتنہ الخوارج کی افغانستان میں موجودگی اور  سرحد پار سے پاکستان میں دہشت گردی پھیلانے پر اختلاف ہے اور اس وقت تک رہے گا جب تک وہ اس مسئلے کو دور نہیں کرتے۔‘

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں کوئی بڑے پیمانے پر آپریشن نہیں کیا جا رہا اور نہ ہی فتنہ الخوارج کی پاکستان کے کسی بھی علاقے میں عمل داری ہے۔

’صرف انٹیلیجنس کی بنیاد پر ٹارگیٹڈ کارروائی کی جاتی ہے۔‘

جنرل عاصم منیر نے سوال اٹھایا کہ کیا فساد فی الارض اللّٰہ کے نزدیک ایک بہت بڑا گناہ نہیں ہے؟

’ریاست ہے تو سیاست ہے، خدانخواستہ ریاست نہیں تو کچھ بھی نہیں۔ ہم سب کو  بلا تفریق اور تعصب، دہشت گردی کے خلاف یکجا کھڑا ہونا ہو گا۔‘

آرمی چیف نے کہا کہ جب ہم متحد ہو کر چلیں گے تو صورتِ حال جلد بہتر ہو جائے گی۔

’انسان خطا کا پتلا ہے۔ ہم سب غلطیاں کرتے ہیں لیکن ان غلطیوں کو نہ ماننا اور ان سے سبق نہ سیکھنا اُس سے بھی بڑی غلطی ہے۔‘

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More