دوسرا ٹیسٹ: پہلے دن کا کھیل ختم، پاکستان 154 رنز پر ڈھیر ،ویسٹ انڈیز کو 9رن کی برتری

ہم نیوز  |  Jan 25, 2025

ملتان میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ میں قومی ٹیم ویسٹ انڈیز کے 163 رنز کے جواب میں 154 رنز پر ڈھیر ہو گئی، مہمان ٹیم کو 9رن کی برتری حاصل ہے۔

پاکستان کی جانب سے شان مسعود اور محمد ہریرہ نے اننگز کا آغاز کیا تاہم محمد ہریرہ زیادہ دیر کریز پر نہ رک سکے اور قومی ٹیم کی پہلی وکٹ 22 رنز پر گری، محمد ہریرہ 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی دوسری وکٹ 7 ویں اوور میں 25 رنز پر گری، بابر اعظم صرف 1 رن بنا سکے جس کے بعد اگلے ہی اوور میں کپتان شان مسعود 15 رنز بنا کر بولڈ ہوگئے۔

قومی ٹیم کی چوتھی وکٹ 51 رنز پر گری جہاں کامران غلام 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

بعدازاں سعود شکیل اور محمد رضوان نے ٹیم کو سنبھالا اور اچھی پارٹنرشپ قائم کر کے ٹیم کا مجموعی اسکور 119 رنز تک پہنچایا جس کے بعد سعود شکیل 32 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

پاکستان کی چھٹی اور ساتویں وکٹ 41 ویں اوور میں 130 رنز پر گریں۔ محمد رضوان 49 اور نعمان علی صفر پر آؤٹ ہوئے۔

ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، پاکستان کی جانب سے فاسٹ بالر کاشف علی نے اپنے پہلے ہی اوور میں ٹیسٹ میچ کی  پہلی وکٹ حاصل کر لی، انہوں نے مکائیل لوئس کی وکٹ حاصل کی، ویسٹ انڈیز کی پہلی وکٹ 8 کے مجموعی اسکور پر گری۔

ویسٹ انڈیز کے مجموعی اسکور میں ایک رنز کا اضافہ ہوا تھا کہ اس کی دوسری وکٹ بھی گر گئی، ساجد خان نے دوسرے کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔

تیسری وکٹ کپتان کریگ براتھویٹ کی گری وہ 9 رنز بنا کر نعمان علی کی گیند پرآؤٹ ہوئے، ایلک ایتھنیز بغیر کوئی رن بنائے ساجد خان کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

ویسٹ انڈیز کی پانچویں وکٹ 38 رنز کے مجموعی اسکور پر گری، چھٹی وکٹ بھی 38 رنز پر ہی گری، ٹیون املاچ بغیر کوئی رن بنائے نعمان علی کی گیند پر آؤٹ ہوئے، ویسٹ انڈیز کی ساتویں وکٹ بھی 38 رنز پر گری نعمان علی نے کیون سنکلیئر کو آئوٹ کرکے شاندار ہیٹرک کی۔

خوبصورتی اور اچھی ڈریسنگ سینئرز سے برداشت نہیں ہوتی، احمد شہزاد

نعمان علی ٹیسٹ میں ہیٹرک کرنے والے پہلے پاکستانی اسپن بالر بن گئے ہیں، انہوں نے ٹیون املاچ، کیون سنکلیئر اورجسٹن گریوز کو آؤٹ کرکے ہیٹرک کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔ پاکستان کی طرف سے وسیم اکرم نے 2 ٹیسٹ ہیٹرک کر رکھی ہیں جبکہ محمد سمیع، عبدالرزاق اور نسیم شاہ نے بھی ٹیسٹ میں ایک ایک ہیٹرک کر رکھی ہے۔

ویسٹ انڈیز کی 8 ویں وکٹ 54 رنز کے مجموعی اسکور پر گری،  کیویم ہوج 21 رنز بنا کر ابرار احمد کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ ویسٹ انڈیز کا 9 واں کھلاڑی 95 رنز کے مجموعی اسکور پر آئوٹ ہوا، کیمار روچ 25 رنز بنا کر نعمان علی کی گیند پرآؤٹ ہوئے۔ آخری وکٹ بھی نعمان علی کے حصے میں آئی، ویسٹ انڈیز پہلی اننگز میں 163 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی۔

پاکستان کی جانب سے نعمان علی نے 6 ، ساجد خان نے دو، کاشف علی اور ابرار احمد نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔

ٹاس کے بعد ویسٹ انڈیز کے کپتان کا کہنا تھا کہ پچ پہلے ٹیسٹ میچ کی طرح کی ہی لگ رہی ہے۔ قومی ٹیم کی جانب سے ایک تبدیلی کی گئی خرم شہزاد کی جگہ فاسٹ بالر کاشف علی نے ڈیبیو کیا۔ کاشف علی پاکستان کی جانب سے  259 ویں ٹیسٹ کھلاڑی بن گئے، راولپنڈی سے تعلق رکھنے والے دائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر کاشف علی کو اسسٹنٹ کوچ اظہر محمود نے ٹیسٹ کیپ دی۔

پلیئنگ الیون میں کپتان شان مسعود، محمد ہریرہ، بابراعظم، کامران غلام شامل ہیں، محمد رضوان، سلمان علی آغا، ساجد خان، نعمان علی، ابراراحمد اور سعود شکیل بھی ٹیم کا حصہ ہیں۔

یاد رہے پاکستان کرکٹ ٹیم کو ویسٹ انڈیز کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More