190 ملین پاؤنڈ ریفرنس، ملک ریاض اور شہزاد اکبر سمیت چار ملزمان کے پاسپورٹ بلاک

اردو نیوز  |  Jan 30, 2025

پاکستان کی وزارتِ داخلہ نے نیب کی سفارش پر 190 ملین پاؤنڈ سکینڈل میں پراپرٹی ٹائیکون ملک ریاض اور سابق وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہزاد اکبر سمیت چار اشتہاری ملزمان کے پاسپورٹ بلاک کر دیے ہیں۔

وزارتِ داخلہ نے بیرون ملک مقیم پراپرٹی ٹائیکون ملک ریاض، اُن کے صاحبزادے علی ریاض، سابق وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر اور بشریٰ بی بی کی قریبی سمجھی جانے والی فرح شہزادی کے پاسپورٹ منسوخ کیے ہیں۔

اُردو نیوز کے رابطہ کرنے پر محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن آفس کے حکام نے مذکورہ بالا چار ملزمان کے پاسپورٹ منسوخ کیے جانے کی تصدیق کی ہے۔

پاسپورٹ اینڈ امیگریشن آفس کے حکام کا کہنا ہے کہ نیب نے 28 جنوری کو 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کے فیصلے میں چاروں اشتہاری ملزمان کے پاسپورٹ منسوخ کرنے کے لیے وزارتِ داخلہ کو خط لکھا تھا۔

وزارت داخلہ نے نیب کے خط پر غور کرنے کے بعد آج جمعرات کو ملک ریاض ،علی ریاض، شہزاد اکبر اور فرح شہزادی کے پاسپورٹ منسوخ کیے ہیں۔

واضح رہے کہ ایک روز قبل نیب نے ملک ریاض اور ان کے بیٹے علی ریاض ملک کو متحدہ عرب امارات سے وطن واپس لانے کا عمل شروع کیا تھا۔

نیب حکام نے ملک ریاض اور ان کے بیٹے کی حوالگی کے لیے اماراتی حکام سے رابطہ بھی کیا تھا۔

یاد رہے اس سے قبل اسلام آباد کی احتساب عدالت نے 17 جنوری کو 190 ملین پاؤنڈز کیس میں سابق وزیر اعظم عمران خان کو 14 سال قید اور 10 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی۔

احتساب عدالت نے اپنے فیصلے میں ملک ریاض اور اُن کے صاحبزادے علی ریاض، شہزاد اکبر اور فرح شہزادی کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے اُنہیں بیرونِ ملک سے پاکستان لانے کی ہدایت کی تھی۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More