Getty Images
پاکستانی حکومت نے وزیرِ اعظم یوتھ لون پروگرام کے تحت بیرونِ ملک ملازمت کرنے کے خواہشمند افراد کو بھی 10 لاکھ روپے تک کا قرضہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس ضمن میں سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے کہا گیا ہے کہ یہ قرضہ بیرونِ ملک ملازمت کی خواہش رکھنے والے افراد کی تربیت، سفری ویزہ اور رہائشی اخراجات کی مد میں دیا جائے گا۔
یہ قرضہ کس کو دیا جائے گا؟Reuters
سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری سرکولر کے مطابق 21 برس سے 45 برس کی عمر کے پاکستانی شہری یہ قرض حاصل کر سکتے ہیں۔
تاہم قرض حاصل کرنے کی خواہش رکھنے والے شہریوں کے پاس بیرونِ ملک ملازمتیں فراہم کرنے والی کمپنیوں کی جانب سے تصدیق شدہ ملازمت کا لیٹر (جاب آفر لیٹر) ہونا چاہیے۔
پاکستان کے مرکزی بینک کے مطابق قرض حاصل کرنے کے خواہشمند افراد کو اپنی درخواست میں واضح طور پر لکھنا ہو گا کہ وہ حکومت کی جانب سے ملنے والا قرضہ بیرونِ ملک کہاں کہاں استعمال کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
حکومت کی جانب سے یہ قرضہ پانچ برس کی مدت کے لیے دیا جائے گا اور قرض لینے والوں کو اس پر رائج الوقت شرحِ سود سے تین فیصد زیادہ سود دینا ہو گا۔
اس کے ساتھ قرض لینے والے شخص کے پاکستان میں مقیم میں خاندان کے کسی فرد کو قرض کی درخواست پر ضامن بھی بننا ہو گا، یعنی حکومتی قرضہ بیرونِ ملک جانے والے فرد اور پاکستان میں موجود اس کے خاندان کے رُکن کے نام پر مشترکہ طور پر جاری ہو گا۔
تاہم سٹیٹ بینک کی جانب سے یہ بات واضح نہیں کی گئی کہ یہ قرضہ کن کن بینکوں سے طلب کیا جا سکے گا۔
یہ قرضہ بیرونِ ملک ملازمتیں حاصل کرنے کے خواہشمند افراد کے لیے کتنا فائدہ مند ہو گا؟Getty Images
بیرونِ ملک ملازمتیں حاصل کرنے کے بعد لوگوں کو متعدد چیزوں پر پیسے خرچ کرنے ہوتے ہیں، جیسا کہ ویزہ کی فیس، ٹکٹ اور بیرونِ ملک رہائش کے ابتدائی اخراجات۔
راولپنڈی میں واقع خلیق ریکروئٹمنٹ ایجنسی سے منسک نوید احمد قریشی کہتے ہیں کہ حکومت کی جانب سے وزیرِ اعظم یوتھ لون پروگرام کی مد میں دیا جانے والا یہ قرضہ بیرونِ ملک جانے والے ملازمین کے لیے فائدہ مند ثابت ہو گا کیونکہ بہت سے نوجوانوں کو اس حوالے سے معاشی مشکلات درپیش ہوتی ہیں۔
جرمنی کا ’موقع کارڈ‘ کیا ہے اور اس سے ملازمت کے خواہشمند افراد کیا فائدہ حاصل کر سکتے ہیں؟ملازمت کے جھانسے میں جمع پونجی گنوانے والی لڑکی: ’نوکری کے لیے درخواستیں دے رکھی تھیں، مجھے لگا واٹس ایپ میسیجز سچ ہیں‘پنجاب میں تین کروڑ روپے تک بلا سود قرضوں کی سکیم: کیا ماضی میں ایسے منصوبے کامیاب ہو پائے ہیں؟کیا پاکستان میں اسلامی بینک صارفین سے قرضوں پرزیادہ منافع لے رہے ہیں؟
وہ کہتے ہیں کہ ’بیرونِ ملک کمپنیوں سے ملازمت کا آفر لیٹر آنے کے بعد بھی لوگوں کو بڑے خرچے کرنے ہوتے ہیں۔ کوئی باہر جانے کے لیے اُدھار لے رہا ہوتا ہے تو کوئی اپنی بھینس بیچ رہا ہوتا ہے۔‘
انھوں نے کہا کہ ’ایسے حالات میں یہ قرضہ لوگوں کی زندگی ضرور آسان بنائے گا۔‘
بیرونِ ملک ملازمتوں کے خواہشمند پاکستانی افراد کن ممالک جاتے ہیں؟
پاکستان میں بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز امپلائمنٹ کے اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ برس سب سے زیادہ پاکستانیوں نے ملازمتوں کے لیے خلیجی ممالک کا رُخ کیا ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق سنہ 2024 میں ساڑھے چار لاکھ سے زیادہ افراد ملازمتوں کی غرض سے سعودی عرب گئے ہیں۔ دوسری جانب ملازمتوں کی غرض سے متحدہ عرب امارات جانے والوں کی تعداد 64 ہزار 130 رہی ہے۔
اسی طرف سنہ 2024 میں 81 ہزار سے زیادہ افراد عمان، 40 ہزار سے زیادہ پاکستانی شہری ملازمت کی غرض سے قطر اور 25 ہزار افراد بحرین گئے ہیں۔
Getty Images
بیورو کے اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ برس ملازمتوں کی غرض سے بیرون ملک جانے والے پاکستانیوں کی کُل تعداد سات لاکھ 27 ہزار 381 تھی۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق جولائی 2024 سے دسمبر 2024 تک پاکستان میں 17 ارب 80 کروڑ ڈالر ترسیلات زر (وہ رقم جو بیرون ملک مقیم پاکستانی واپس اپنے ملک بھیجتے ہیں) کی مد میں آئے ہیں۔
ترسیلاتِ زر بھیجنے والے ممالک میں سعودی عرب پہلے، متحدہ عرب امارات دوسرے، برطانیہ تیسرے اور امریکہ چوتھے نمبر پر ہے۔
ترکی میں کریڈٹ کارڈ کے سہارے زندگی: ’شادی کی خریداری کارڈ سے کی، اب قسطوں میں قرض چکاؤں گی‘حکومتِ پنجاب کی ’اپنی چھت اپنا گھر‘ سکیم: کیا 15 لاکھ روپے میں مکان بنایا جا سکتا ہے؟لیبارٹری میں ’جِلد‘ تیار: وہ تحقیق جو آپ کو بڑھاپے میں بھی جوان بنا سکتی ہےمستقبل کی وہ دس نوکریاں جو آپ کی تقدیر بدل سکتی ہیںمصنوعی ذہانت کے دور میں پیدا ہونے والی چھ ملازمتیں کون سی ہیں اور انھیں حاصل کیسے کیا جا سکتا ہے؟