لاہور، 4 فروری 2025: فیصل بینک لمیٹڈ (ایف بی ایل) کے صدر اور سی ای او یوسف حسین اور سینئر مینجمنٹ نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایل سی سی آئی) میں اسلامی بینکاری کے سیشن میں شرکت کی۔ ایف بی ایل ٹیم خصوصی دعوت پر لاہور پہنچی تھی۔ اس سیشن کا مقصد کاروباری اور صنعتی شراکت داروں کو شریعہ کمپلائنٹ بینکاری کے اصولوں، فوائد اور مواقعوں کے بارے میں آگاہی فراہم کرنا تھا۔
تقریب کی میزبانی ایل سی سی آئی کے صدر میاں ابوذر شاد اور کاروباری برادری کے معزز اراکین نے کی۔
اس موقع پر فیصل بینک کی ٹیم نے مالی شمولیت اور پائیدار اقتصادی ترقی میں اسلامی بینکاری کے کردار کو اجاگر کیا، جبکہ اسلامی بینکاری کے حوالے سے عام غلط فہمیوں کو دور کرنے کے ساتھ شریعہ کمپلائنٹ مالیاتی حل کے فوائد سے آگاہ کیا۔
لاہور چیمبر کی قیادت نے اسلامی بینکاری کو فروغ دینے اور مالیاتی آگاہی کو آگے بڑھانے میں فیصل بینک کی کاوشوں کو سراہا۔ میاں ابوذر شاد نے کاروباری برادری میں اسلامی بینکاری کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔
سیشن کا اختتام بینکاری شعبے اور صنعتی شراکت داروں کے درمیان تعلقات کو مستحکم بنانے کے عزم کے ساتھ ہوا، تاکہ شریعہ کمپلائنٹ مالیاتی طریقوں کے ذریعے اقتصادی ترقی کو فروغ دیا جاسکے۔
پاکستان کے تیزی سے ترقی کرتے ہوئے اسلامی بینک کی حیثیت سے فیصل بینک انفرادی اور کاروباری صارفین کے لیے شریعہ کمپلائنٹ مالی حل کی وسیع رینج کے ساتھ اس شعبے کی ترقی میں پیش پیش ہے۔