ایپل کے سستے ترین آئی فون کوکب متعارف کرایا جائے گا؟ تاریخ سامنے آگئی

سچ ٹی وی  |  Feb 07, 2025

ایپل کی جانب سے اس سال کا سستا ترین آئی فون فروری کے دوسرے ہفتے میں متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔

یہ دعویٰ بلومبرگ کی ایک رپورٹ میں سامنے آیا۔

ایپل کے آئی فون ایس ای 4 کے حوالے سے کافی عرصے سے لیکس اور افواہیں سامنے آرہی ہیں۔

اب بلومبرگ کی ایک رپورٹ کے مطابق ایپل کی رپورٹ کے مطابق آئی فون ایس ای 4 کو اگلے ہفتے متعارف کرایا جاسکتا ہے۔

خیال رہے کہ ایپل کی جانب سے آئی فون ایس ای 4 کے حوالے سے کوئی تصدیق نہیں کی گئی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایپل کی جانب سے آئی فون ایس ای 4 کو متعارف کرانے کے لیے ایونٹ کا انعقاد نہیں کیا جائے گا بلکہ اسے پریس ریلیز کے ذریعے لانچ کر دیا جائے گا۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ آئی فون ایس ای 4 فروری کے آخر تک صارفین کو دستیاب ہوگا۔

مختلف لیکس سے عندیہ ملا ہے کہ آئی فون ایس ای 4 کا ڈیزائن اس سیریز کے دیگر فونز کے مقابلے میں زیادہ بہتر ہوگا۔

پہلی بار آئی فون ایس ای سیریز کے کسی فون میں ہوم بٹن کو ہٹا دیا جائے گا اور آئی فون 14 جیسے فل اسکرین ڈیزائن کو اپنایا جائے گا۔

فیس آئی ڈی کے لیے فرنٹ کیمرے کو نوچ ڈیزائن میں چھپایا جائے گا۔

مختلف افواہوں کے مطابق آئی فون ایس ای 4 میں 6.1 انچ کا او ایل ای ڈی ڈسپلے دیا جائے گا۔

فون کے اندر اے 18 چپ موجود ہوگی جو ایپل کی جانب سے گزشتہ سال کے آئی فون 16 اور 16 پلس میں استعمال کی گئی۔

مختلف لیکس کے مطابق آئی فون ایس ای 4 میں بیک پر 48 میگا پکسل کیمرا دیے جانے کا امکان ہے۔

اسی طرح فرنٹ پر 24 میگا پکسل کیمرا موجود ہوگا۔

پہلی بار آئی فون ایس ای سیریز میں چارجنگ کے لیے یو ایس بی سی پورٹ صارفین کو دستیاب ہوگی جبکہ ایپل کی جانب سے پہلی بار خود تیار کیے گئے موڈیم کو بھی استعمال کیا جاسکتا ہے، مگر اس حوالے مصدقہ طور پر کچھ کہنا مشکل ہے۔

واضح رہے کہ ایپل نے پہلا آئی فون ایس ای 2016 میں متعارف کرایا تھا اور اس موقع پر کہا تھا کہ یہ ایک ایسا سستا آئی فون ہے جس میں مہنگے ماڈلز جیسے فیچرز موجود ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More