پاکستانی اداکارہ ماورا حسین اپنے ساتھی اداکار امیر گیلانی کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھ گئی ہیں۔ ان کی شادی کا فوٹو شُوٹ لاہور کے قلعے میں منعقد ہوا۔شوبز خبروں کی انڈین ویب سائٹ ’کوئی موئی‘ کے مطابق دونوں مقبول پاکستانی ڈراموں ’ثبات‘ اور ’نیم‘ میں ایک ساتھ کام بھی کر چکے ہیں، کافی عرصے سے ایک دوسرے کے ساتھ دیکھے جا رہے تھے۔
تاہم ماورا حسین اور امیر گیلانی نے اپنے اس تعلق کی کبھی تصدیق نہیں کی، دونوں کی آن کیمرا کیمسٹری نے جوڑے کے تعلق کو مداحوں کے لیے اور بھی خاص بنا دیا ہے۔واضح رہے کہ ماورا حسین بالی وڈ کی فلم ’صنم تیری قسم‘ سے انڈیا میں شہرت حاصل کی۔ اداکارہ ماورا حسین نے دلہن کے لباس میں اپنے شوہر کے ساتھ تصاویر سوشل میڈیا ایپ ’انسٹاگرام‘ پر شیئر کرتے ہوئے نکاح کی تصدیق کی۔تصاویر کے کیپشن میں اداکارہ نے لکھا کہ ’اور اس تمام افراتفری کے درمیان میں نے آپ کو پالیا‘، ساتھ ہی، ماورا نے نکاح کی تاریخ شیئر کرتے ہوئے ہیش ٹیگ ’ماورا امیر ہو گئی‘ بھی استعمال کیا۔ دونوں کی شادی کی تقریبات لاہور اور اسلام آباد میں ہو چکی ہیں۔جمعرات کی صبح فوٹوگرافر کی جانب سے ماورا حسین اور امیر گیلانی کے نکاح کی مختصر ویڈیو جاری کی جس میں تقریب کی کچھ جھلکیاں دکھائی دیں۔امیر گیلانی نے ماورا حسین کے ساتھ زندگی کے نئے سفر کا آغاز پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ ’الحمدللّٰہ، میں نے بہترین دوست سے شادی کر لی ہے، اور اپنی دنیا کے ساتھ جشن منایا، پیار اور دعاؤں کے لیے سب کا شکریہ۔‘ماورا حسین کے شوہر امیر گیلانی کون ہیں؟
امیر گیلانی کا تعلق پاکستان کے ایک پڑھے لکھے اور معروف خاندان سے ہے۔ ان کے دادا سید افتخار حسین گیلانی کا شمار ملک کے بڑے قانون دانوں اور سینیئر سیاست دانوں میں ہوتا ہے۔
امیر گیلانی کے دادا افتخار گیلانی بے نظیر بھٹو کی کابینہ میں وفاقی وزیر قانون رہے (فائل فوٹو: ماورا حسین انسٹاگرام)
وہ سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کی کابینہ میں 1988 سے 1990 تک وفاقی وزیر قانون رہے۔انہوں نے ہارورڈ لا سکول سے 2022 میں گریجویشن کی، اگرچہ امیر گیلانی کے پاس قانون کی ڈگری ہے، تاہم انہیں شہرت ان کے ایکٹنگ کیریئر خاص طور پر ڈرامہ ’ثبات‘ میں ’حسن‘ کے کردار سے ملی ہے۔ٹی وی پر اداکاری کے علاوہ انہوں نے مختلف میوزک ویڈیوز میں آرٹسٹ کے طور پر بھی پرفارم کیا ہے، وہ ٹیلی ویژن پر آخری مرتبہ سیریز ’ویری فلمی‘ میں دکھائی دیے۔واضح رہے کہ ماورا حسین کی بڑی ہمشیرہ عروہ حسین کی شادی اداکار اور گلوکار فرحان سعید کے ساتھ 18 دسمبر 2016 کو سرانجام پائی تھی۔شوبز سے تعلق رکھنے والی شخصیات اور مداحوں نے ماورا حسین اور امیر گیلانی کو زندگی کے نئے سفر پر مبارک باد دی ہے اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔