چیمپیئنز ٹرافی کا آفیشل ترانہ جاری: ’اس میں ان اکھڑ مزاجوں کے لیے سبق ہے جو کرکٹ کھیلنے پاکستان نہیں آ رہے‘

بی بی سی اردو  |  Feb 07, 2025

’دھڑکے دل زور سے دھڑکے دیکھو کیا ہو گا۔۔۔ کچھ بھی ہو سکتا کھیل میں‘

’کون ہارے کون جیتے کوئی بھی نہ جانے، کچھ بھی ہو سکتا کھیل میں‘

’کھیلنے آئے ہم کھیلنے آئے پوری تیاری اور ذمہ داری سے‘

’گلی گلی بھری بھری تجھے مجھے دیکھنے۔۔۔‘

آئی سی سی نے چیمپیئنز ٹرافی پاکستان 2025 کا آفیشل ترانہ ’جیتو بازی کھیل میں‘ جاری کر دیا ہے۔ اس ترانے میں لیڈ سنگر عاطف اسلم ہیں اور اس ترانے کوعدنان ڈھول اور اسفند یار اسد نے تحریر کیا جبکہ عبداللہ صدیقی نے پروڈیوس کیا۔

اس ترانے کی سب سے خاص بات جو قرار دی جا رہی ہے وہ اس کی ویڈیو میں چیمپیئنز ٹرافی میں شریک تمام ٹیموں کے جھنڈوں کا لہرانا ہے۔

لیڈ سنگر عاطف اسلم خود بھی اس ویڈیو میں موجود ہیں جبکہ ان کے ساتھ بچوں سے لے کر نوجوان اور بزرگوں کو کرکٹ کا جشن مناتے دیکھا جا سکتا ہے۔

یاد رہے کہ آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی 19 فروری سے پاکستان میں شیڈول ہے جو انڈین ٹیم کے پاکستان نہ آنے کی وجہ سے ہائبرڈ ماڈل کے تحت کھیلی جائے گی، جس کے مطابق انڈیا کی ٹیم کے تمام میچز متحدہ عرب امارات میں ہوں گے۔

'شاباش آئی سی سی، شاباش پاکستان‘

آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی میں کل آٹھ ٹیمیں حصہ لیں گی جن میں پاکستان، آسٹریلیا، انگلینڈ، انڈیا، افغانستان، بنگلہ دیش، جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ شامل ہیں۔

آئی سی سی کا آفیشل ترانہ ریلیز ہوتے ہی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر کرکٹ فینز نے اس پر دلچسپ تبصرے شروع کر دیے۔

کئی نے اس کا موازنہ پچھلے ترانوں سے بھی کیا جبکہ عاطف اسلم کی پرفارمنس کو کم و بیش تمام شایقین کرکٹ نے سراہا اور یوں فینز سے داد وصول کرتے کرتے عاطف اسلم ایکس پر ٹاپ ٹرینڈز میں شامل ہو گئے۔

اس ترانے کو آئی سی سی کے یوٹیوب چینل سمیت دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھی شیئر کیا گیا، جہاں سے گانے کی ویڈیوز کو فینز کی جانب سے شیئر بھی کیا جا رہا ہے اور دلچسپ تبصرے بھی کیے جا رہے ہیں۔

ایکس پر آدم نامی صارف نے چیمپیئنز ٹرافی کے ترانے پر اپنی پسند کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’شاباش آئی سی سی۔ شاباش پاکستان۔ یہ وہ کچھ ہے جو کھیل آپ کو سکھاتا ہے. سنگرعاطف اسلم کے اردگرد تمام جھنڈے لہرا رہے ہیں۔‘

انھوں نے مزید لکھا کہ ’اس میں ان تمام اکھڑ مزاجوں کے لیے سبق ہے جو کرکٹ کھیلنے کے لیے پاکستان نہیں آ رہے یا ٹی شرٹس پر میزبان ملک کا نام نہیں لکھنا چاہتے۔‘

چیمپیئنز ٹرافی کے لیے پاکستانی سکواڈ کا اعلان: ’رانا کی ٹیم میں واپسی‘ اور صائم ایوب کو شامل نہ کرنے پر تبصرےچیمپیئنز ٹرافی 2025: ٹکٹوں کی تلاش، شیڈول، سٹیڈیمز کی تیاری سمیت وہ سوال جن کے جواب آپ جاننا چاہتے ہیں!چیمپیئنز ٹرافی 2025: انڈین ٹیم کی جرسی پر پاکستان کا لوگو ہو گا، بی سی سی آئی کی تصدیق’کھو کھو‘ ورلڈ کپ جس میں شرکت کے لیے پاکستان کی ٹیم کو ویزہ نہ مل سکا

’جیتو بازی کھیل‘ کی ویڈیو میں جہاں انڈیا اور بنگلہ دیش سمیت تمام آٹھ ممالک کے جھڈے اور ٹی شرٹس دکھائی گئیں وہیں انڈین شرٹس پہنے اور پرچم اٹھائے پاکستانیوں کو بھی خوب سراہا گیا۔

جگدیش نامی صارف نے لکھا کہ پاکستانیوں نے انڈین ٹیم کی جرسی پہن کر اور انڈیا کا جھنڈا پاکستان میں لہرا دیا۔

سجاد حسین نامی صارف نے لکھا کہ وہ پہلی بار آئی سی سی ایونٹ کے پرومو میں بہت زیادہ پاکستانی شرٹس اور جھنڈے دیکھ رہے ہیں۔

انھوں نے مزید لکھا کہ ’عجیب لیکن خوشگوار احساس ہے. کرکٹ جیسے ’جینٹلمین گیم‘ میں انڈیا کتنا متعصب ہے۔ کتنی بدقسمتی ہے۔‘

زیب آفریدی نامی صارف نے عاطف اسلم کے گانے کا موازنہ کرتے ہوئے علی ظفر کی گائیکی اور انداز کو سراہا اور لکھا کہ ’علی ظفر کرکٹ ایونٹس کے گانوں میں ہمیشہ ٹاپ پر چھائے ہوتے ہیں۔ وہ اس کے اہل بھی ہیں۔‘

یاد رہے کہ پاکستانی سنگر علی ظفر نے بھی پی ایس ایل کا آفیشل ترانہ گا کر شائقین کے دلوں میں جگہ بنا رکھی ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل جون 2017 میں چیمپیئنز ٹرافی کا انعقاد ہوا تھا جب آٹھویں نمبر کی ٹیم پاکستان نے سرفراز احمد کی کپتانی میں فائنل میں انڈیا کو ڈرامائی شکست سے دوچار کیا تھا۔ چیمپیئنز ٹرافی میں پاکستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر تھے۔

18 جون 2017 کو اوول کے گراؤنڈ میں پاکستان نے انڈیا کو 180 رنز سے شکست دی تھی جس پر پورا پاکستان جھوم اٹھا تھا۔

انڈیا کے خلاف چیمپیئنز ٹرافی فائنل میں کامیابی پاکستانی شائقین کے لیے ناقابل فراموش رہی۔ پاکستان نے آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی سنہ 2017 کے فائنل میں دفاعی چیمپیئن انڈیا کو ناقابلِ یقین شکست دے کر پہلی مرتبہ ٹرافی جیتی تھی۔

یاد رہے کہ 2025 کی چیمپیئنز ٹرافی کی میزبانی پاکستان کے پاس تھی لیکن انڈین کرکٹ بورڈ کی جانب سے ٹیم پاکستان بھیجنے سے انکار کے بعد گزشتہ ماہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا کہ پاکستان اور انڈیا اب 2027 تک ان دونوں ممالک میں ہونے والے کسی بھی آئی سی سی ٹورنامنٹ میں اپنے میچ نیوٹرل وینیو پر ہی کھیلیں گے۔

آئی سی سی کی جانب سے یہ بھی اعلان کیا گیا کہ 2028 میں ہونے والے آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی میزبانی پاکستان کو دی جا رہی ہے اور اس ٹورنامنٹ میں بھی یہی فارمولا لاگو ہو گا۔

چیمپیئنز ٹرافی سمیت 2027 تک پاکستان انڈیا میچوں کے لیے ’ہائبرڈ ماڈل‘ کا اعلانچیمپیئنز ٹرافی 2017: جب آٹھویں نمبر کی ٹیم پاکستان نے انڈیا کو ڈرامائی شکست دیسابق پاکستانی کھلاڑیوں کی ٹیم سیمی فائنل میں: ورلڈ چیمپیئن شپ آف لیجنڈز برمنگھم میں ہی کیوں منعقد کروائی گئیایڈیڈاس اور پوما: دو بھائیوں کی دشمنی سے پیدا ہونے والی کمپنیاں جنھوں نے کھیلوں کی دنیا کی کایا ہی پلٹ دیچیمپیئنز ٹرافی کے لیے پاکستانی سکواڈ کا اعلان: ’رانا کی ٹیم میں واپسی‘ اور صائم ایوب کو شامل نہ کرنے پر تبصرےچیمپیئنز ٹرافی 2025: ٹکٹوں کی تلاش، شیڈول، سٹیڈیمز کی تیاری سمیت وہ سوال جن کے جواب آپ جاننا چاہتے ہیں!
مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More