گوتم اڈانی نے اپنی ٹویٹ میں کہا، "جیت اور دیوا آج شادی کے مقدس بندھن میں بندھ گئے۔ یہ تقریب احمد آباد میں روایتی رسومات کے ساتھ قریبی احباب کی موجودگی میں منعقد ہوئی۔ یہ تقریب انتہائی نجی تھی، جس کی وجہ سے ہم تمام خیرخواہوں کو مدعو نہیں کر سکے، جس کے لیے میں معذرت خواہ ہوں، میں دیوا اور جیت کے لیے سب کی محبت اور دعاؤں کا طلب گار ہوں۔"
بھارت کے مشہور بزنس گروپ ’اڈانی گروپ‘ کے مالک گوتم اڈانی کے سب سے چھوٹے بیٹے جیت اڈانی نے اپنی زندگی کی ایک نیا باب شروع کیا اور سادگی کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔
جیت اڈانی کی شریک حیات جیمین شاہ کی بیٹی دیوا جیمین شاہ ہیں، اور یہ شادی احمد آباد میں ایک نجی تقریب میں ہوئی جس میں صرف قریبی عزیز و اقارب ہی شریک ہوئے۔ گوتم اڈانی نے اس خوشی کے موقع پر تصاویر شیئر کرتے ہوئے ایک دلکش پیغام بھی دیا اور اپنے بیٹے کی شادی میں مدعو نہ ہونے والوں سے معذرت کی۔
لیکن یہ خوشی کا موقع صرف خاندان تک محدود نہیں رہا۔ گوتم اڈانی نے شادی کے موقع پر ایک بڑا اعلان کیا: "ہم نے 10 ہزار کروڑ روپے سماجی فلاحی کاموں کے لیے عطیہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔"
رپورٹس کے مطابق، یہ رقم صحت، تعلیم اور دیگر فلاحی منصوبوں میں استعمال کی جائے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ، جیت اور دیوا نے ایک خوبصورت فلاحی عہد بھی کیا، جس کے مطابق وہ ہر سال 500 معذور خواتین کی شادی کے لیے 10 لاکھ روپے فی دلہن عطیہ کریں گے۔
گوتم اڈانی نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ شادی کی تقریب "سادہ اور روایتی" ہوگی، کیونکہ وہ چاہتے تھے کہ یہ دن صرف ان کے خاندان کی خوشی کا ہو، نہ کہ ایک پرتعیش اور چمچماتی محفل۔