Getty Images
سہ فریقی ٹورنامنٹ کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ کے بلّے بازوں نے پاکستانی بولرز کی کروائی گئی گیندوں پر قذافی سٹیڈیم کے چاروں طرف ایسے چھکے چوکے مارے کہ تماشائی بھی یہ سوچنے پر مجبور ہو گئے کہ چیمپیئنز ٹرافی میں ان کی ٹیم کے ساتھ کیا ہونے والا ہے۔
سنیچر کو اس میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور جب اننگز کا اختتام ہوا تو ایسا لگا جیسے مہمان ٹیم کا پاکستان آنے کا مقصد ہی شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ کی گیندوں کو گراؤنڈ سے باہر اُٹھا کر پھینکنا تھا۔
نیوزی لینڈ نے مقررہ 50 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 330 رنز بنائے۔ شاہین شاہ آفریدی نے اپنے 10 اوورز میں 88 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ نسیم شاہ کے 10 اوورز میں کیوی بیٹرز نے 70 رنز بنائے۔
یوں تو کین ولیمسن اور ڈیرل مچل نے بھی پاکستان کے خلاف نصف نصف سنچریاں سکور کیں لیکن گلین فلپس نیوزی لینڈ کے وہ بلے باز تھے جنھوں نے آخری اوورز میں نہ صرف 72 گیندوں پر اپنے کیریئر کی پہلی سنچری مکمل کی بلکہ اپنی ٹیم کو بھی 330 جیسے بڑے ٹوٹل پر پہنچایا۔
ایسی جارحانہ اننگز کھیلنے پر ان کی تعریف ہونا کوئی غیرمعمولی بات نہیں لیکن پاکستانی فیز ان کی بیٹنگ سے زیادہ اپنے بولرز کی ناقص بولنگ دیکھ کر فکر کا شکار ہیں۔
Getty Images
گلین فلپس کی اننگز اتنی جارحانہ تھی کہ پاکستان کے پڑوسی ملک انڈیا میں بھی کرکٹ دیکھنے والے پریشان نظر آئے۔
سشانت چترویدی نامی صارف نے لکھا کہ ’گلین فلپس کو آخری 10 اوورز میں کھیلنے کی اجازت مت دیں۔‘
پاکستان میں شائقینِ کرکٹ بھی گلین فلپس کو داد دیے بغیر نہ رہ سکے۔
ایک صارف نے لکھا کہ ’وہ اس وقت بیٹنگ کرنے آئے جب ان کی ٹیم کے لیے 280 بنانا بھی مشکل لگ رہا تھا لیکن پھر انھوں نے نہ صرف اپنی پہلی او ڈی آئی سنچری بنائی بلکہ انھوں نے اپنے ٹیم کی بھی 330 جیسے شاندار سکور تک پہنچنے میں مدد کی۔‘
چیمپیئنز ٹرافی کا آفیشل ترانہ جاری: ’اس میں ان اکھڑ مزاجوں کے لیے سبق ہے جو کرکٹ کھیلنے پاکستان نہیں آ رہے‘پاکستان میں ٹرائی سیریز: جنوبی افریقہ کے سکواڈ میں صرف 11 کھلاڑی کیوں؟چیمپیئنز ٹرافی کے لیے پاکستانی سکواڈ کا اعلان: ’رانا کی ٹیم میں واپسی‘ اور صائم ایوب کو شامل نہ کرنے پر تبصرےچیمپیئنز ٹرافی 2025: ٹکٹوں کی تلاش، شیڈول، سٹیڈیمز کی تیاری سمیت وہ سوال جن کے جواب آپ جاننا چاہتے ہیں!
اب بات کر لیتے ہیں پاکستانی بولرز کی جن پر سوشل میڈیا پر سب سے زیادہ بات ہو رہی ہے۔
شاہین شاہ آفریدی نے اپنا پہلا سپیل کافی اچھا کیا تھا لیکن گلین فلپس نے ان کے آخری اوورز کو ایک ڈراؤنے خواب میں تبدیل کر دیا۔
انھوں نے صرف اپنے آخری دو اوورز میں 42 رنز دیے۔
ایک ایکس صارف نے شاہین شاہ آفریدی کی خراب بولنگ پرفارمنس پر لکھا کہ ’چیمپیئنز ٹرافی سے قبل پاکستان کے لیے پریشان کُن بات ہے۔‘
اور ایسے وقت میں پاکستانی شائقین کرکٹ اپنی ٹیم پر طنز کے نشتر بھی چلاتے ہوئے بھی نظر آئے۔
ایک صارف نے لکھا کہ ’پاکستانی بولرز نے ثواب سمجھ کر مار کھائی۔‘
پاکستانی کرکٹ میں دلچسپی رکھنے والے افراد نسیم شاہ کی بولنگ پر بھی پریشان نظر آئے۔
ایک سوشل میڈیا صارف نے لکھا کہ ’نسیم شاہ اب پہلے جیسے بولر نہیں رہے۔ میں انھیں انجری سے واپسی کے بعد سے دیکھ رہا ہوں اور اب وہ بالکل خطرناک نہیں لگتے۔‘
پاکستانی ٹیم میں آج کے میچ کے لیے حارث رؤف کو بطور تیسرے فاسٹ بولر کے رکھا گیا تھا لیکن وہ صرف 6.2 اوورز کے بعد پسلیوں میں تکلیف کے باعث گراؤنڈ سے باہر چلے گئے تاہم انھوں نے ان اوورز میں کافی نپی تُلی بولنگ کا مظاہرہ کیا اور 23 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔
ان کی پسلیوں میں تکلیف کی وجہ کیا ہے اس حوالے سے اب تک کوئی تصدیق شدہ بات سامنے نہیں آئی لیکن پاکستانی شائقین پریشان ہیں کہ اگر وہ چیمپیئنز ٹرافی تک مکمل فِٹ نہ ہوئے تو کیا ہوگا۔
ایک صارف نے لکھا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں حارث رؤف کے مزید چار اوورز مثبت فرق ڈال سکتے تھے۔
انھوں نے مزید لکھا کہ شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ اننگز کے آخر میں اچھی بولنگ کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتے۔
خیال رہے کہ اس ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والی تیسری ٹیم جنوبی افریقہ ہے جو پیر کو نیوزی لینڈ کا سامنا کرے گی جبکہ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ون ڈے میچ 12 فروری کو کھیلا جائے گا۔
اظہر الدین: ’کلائی کے جادوگر‘ انڈین کپتان جن کا کیریئر میچ فکسنگ کے الزام کی نذر ہواابھیشیک شرما: یوراج سنگھ کے شاگرد جن کی جارحانہ بیٹنگ میں سابق کرکٹرز اپنا ’ادھورا کریئر دیکھتے ہیں‘پی ایس ایل کے ڈرافٹ میں مائیک کی خرابی پر فینز برہم، ڈیوڈ وارنر ’سب سے مہنگے کھلاڑی‘یوراج سنگھ کے سخت والد جنھوں نے ٹیم سے ڈراپ ہونے پر ’کپل دیو پر پستول تان لی تھی‘’جسے کوئی ٹیم میں نہیں لیتا تھا ورلڈکپ کا بہترین کرکٹر بنا‘