پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپنر فخر زمان کی بدھ کو کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں نیوزی لینڈ کے میچ کے دوران ڈریسنگ روم کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں وہ روتے ہوئے نظر آتے ہیں۔خیال رہے مذکورہ میچ کے دوران فیلڈنگ کرتے ہوئے گرنے سے فخر زمان انجری کا شکار ہوگئے تھے جس کے سبب وہ چیمپئنز ٹرافی سے باہر ہوگئے ہیں۔
انجری کی وجہ سے بدھ کے میچ میں فخر زمان اننگز اوپن نہیں کی تھی بلکہ وہ چوتھے نمبر پر بیٹنگ کرنے آئے تھے۔ بیٹنگ کے دوران بھی واضح طور پر لگ رہا تھا کہ فخر زمان فٹ نہیں اور پٹھوں میں کچھاؤ کے سبب شدید درد کی کیفیت میں ہیں۔
انہوں نے اس میچ میں 24 رنز سکور کیے تھے۔ جمعرات کی رات کو پی سی بی کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے شیئر کی جانے والی ویڈیو میں فخر زمان کو آؤٹ ہونے کے واپس پویلین واپس آتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔پویلین واپسی کے بعد وہ بہت مشکل سے اور درد کی کیفیت میں ریلنگ کا سہارا لے کر ڈریسنگ روم کی سیڑھیاں چڑھ رہے ہیں۔ ان کے پیچھے پیچھے شاہین شاہ آفریدی بھی اوپر ڈریسگ روم جاتے ہوئے دیکھائے دیتے ہیں۔
ڈریسنگ روم میں فخر زمان کو کرسی پر بیٹھ کر روتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ شاہین شاہ آفریدی اور بیٹنگ کوچ شاہد اسلم ان کو دلاسہ دے رہے ہیں جبکہ وہ سر دونوں پاتھوں میں دیے رو رہے ہیں۔
پی سی بی نے جمعرات کو فخر زمان کی انجری کے سبب ٹورنامنٹ سے باہر ہونے کی تصدیق کی تھی۔ فخر زمان کی جگہ امام الحق کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
قبل ازیں جمعرات کو ہی سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے فخر زمان کا کہنا تھا کہ ’اس سٹیج پر پاکستان کی نمائندگی کرنا ہر کرکٹر کا اعزاز اور خواب ہوتا ہے۔ مجھے خوش قسمتی سے پاکستان کی نمائندگی کرنے کا متعدد بار موقع ملا ہے اور ہمیشہ فخر محسوس ہوا۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’بدقسمتی سے میں اب 2025 کی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی سے باہر ہوں لیکن یقیناً اللہ بہترین منصوبہ ساز ہے۔‘
کرکٹ فینز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ ’اس موقع پر سب کا شکر گزار ہوں، میں اپنے گرین شرٹس کی گھر سے حمایت کروں گا۔‘