چیمپیئنز ٹرافی کا بڑا مقابلہ پاک بھارت میچ کل بروز اتوار دبئی میں ہونے جا رہا ہے، کراچی اور سندھ میں مختلف جگہوں پر بڑی اسکرین پر پاک بھارت میچ دکھایا جائے گا۔
کرکٹ شائقین کے لئے سندھ میں کل بڑی اسکرینز پر براہ راست میچ دکھانے کا اہتمام کیا جائے گا، کرکٹ کے دیوانے ان جگہوں پر جا کر بڑے میچ کا مزہ بڑی اسکرین پر لے سکیں گے۔
نجی ٹی وی کے مطابق کراچی میں بڑی اسکرینیں کورنگی نمبر 5،ساحل سمندر (نشان پاکستان)، پیپلز ہاؤس (نیئر انڈس اسپتال) اور گلستان جوہر یوتھ کلب (نیئر دارالصحت اسپتال) میں نصب کی جائیں گی۔
چیمپیئنز ٹرافی کے باقی گروپ میچز کھیلنے بنگلہ دیشی ٹیم پاکستان پہنچ گئی
اسی طرح حیدرآباد میں بڑی اسکرین سندھ اسپورٹس بورڈ ہاسٹل (نیاز اسٹیڈیم)، گھوٹکی کے سردار غلام محمد خان مہر اسپورٹس کمپلیکس میں بڑی اسکرین لگائی جائے گی، خیرپور کے ممتاز گراؤنڈ میں بھی یہ سہولت کرکٹ شائقین کو دی جائے گی۔
شہید بینظیر آباد کے بیڈ منٹن ہال (بلاول اسپورٹس کمپلیکس) میں کرکٹ شائقین کے لئے بڑی اسکرین لگائی جائے گی، شکارپور کے یوتھ ڈویلپمنٹ سینٹر، ٹھٹہ، ملیر اسپورٹس کمپلیکس، دادو اور دیگر اضلاع میں بھی کرکٹ شائقین کو بڑی اسکرین پر پاک بھارت میچ دکھانے کی سہولت دی جائے گی۔
حکومت سندھ اور اسپورٹس بورڈ کی جانب سے اقدام کو عوام کی جانب سے خوب پذیرائی مل رہی ہے، ان جگہوں پر کرکٹ کے مداح اپنے گھر والوں اور دوستوں کے ہمراہ آ کر پاک بھارت کا بڑا مقابلہ بڑی اسکرین پر دیکھ سکتے ہیں۔