وفاقی حکومت خیبر پختونخوا کو دیئے گئے فنڈز کا آڈٹ کرائے، عظمیٰ بخاری

ہم نیوز  |  Mar 03, 2025

لاہور: پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے وفاقی حکومت کے خیبرپختونخوا کو دیئے فنڈز کا آڈٹ کروانے کا مطالبہ کر دیا۔

صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا لاقانونیت، دہشتگردی اور کرپشن میں سبقت لے رہا ہے۔ جبکہ گنڈاپور حکومت کے 625 منصوبے ایک ارب درخت لگانے جیسے ہی ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ ایک سال میں خیبر پختونخوا کے کسی وزیر یا وزیر اعلیٰ کو نئے منصوبے کا افتتاح کرتے نہیں دیکھا۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا دفتر تک نہیں آئے تو یہ منصوبے کیا موکلات نے شروع کرائے؟۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت کے پاس یونیورسٹیاں چلانے کا بجٹ نہیں ہے جس کی وجہ سے انہیں زمینیں بیچنا پڑیں۔ 625 منصوبوں کا جھوٹ مت بولیں۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں سرکاری ملازمین تنخواہوں کے لیے احتجاج کرتے ہیں اور لیکن علی امین گنڈاپور کی ترجیحات میں صوبے کے غریب عوام نہیں بلکہ اڈیالہ جیل کا قید ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں اداروں کی شفافیت پر فافن کی رپورٹ پیش

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں بلدیاتی نمائندے فنڈز کے لیے ہر ہفتے احتجاج کرتے ہیں۔ اور صوبے میں کرپشن اپنے عروج پر ہے۔ خیبر پختونخوا میں احتساب کمیٹی کے لوگ خود کرپشن میں ملوث ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کو وفاق سے ملنے والے فنڈز صرف جلسے اور دھرنوں کی نذر ہو رہے ہیں۔ وفاقی حکومت کو خیبرپختونخوا کو دیئے فنڈز کا آڈٹ کروانا چاہیے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More