صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یوکرین کے لیے فوجی امداد روک دی، وائٹ ہاؤس

اردو نیوز  |  Mar 04, 2025

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یوکرین کے لیے ہر قسم کی فوجی امداد بند کر دی ہے اور یہ اقدام پچھلے ہفتے ان کی یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی کے ساتھ تلخ کلامی کے بعد سامنے آیا ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق وائٹ ہاؤس کے ایک عہدیدار نے پیر کے روز نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ’صدر امن پر توجہ مرکوز کرنے کے معاملے میں بالکل واضح ہیں اور ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے شراکت دار بھی اس مقصد کے لیے پرعزم رہیں۔ ہم امداد کا سلسلہ روکتے ہوئے یہ بھی یقینی بنا رہے ہیں کہ اس سے کسی حل کی طرف جانے میں مدد ملے۔‘

دوسری جانب ولادیمیر زیلنسکی کے دفتر کی جانب سے اس معاملے پر کوئی ردعمل نہیں دیا گیا۔

یہ اقدام ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ڈونلڈ ٹرمپ نے جنوری میں اقتدار سنبھالنے کے بعد یوکرین اور روس کے حوالے سے امریکی پالیسی میں بڑی تبدیلی کی، جبکہ جمعے کو وائٹ ہاؤس میں یوکرینی صدر کے ساتھ ان کی شدید جھڑپ بھی ہوئی تھی، جس میں ٹرمپ نے زیلنسکی کو یہ کہتے ہوئے تنقید کا نشانہ بنایا کہ انہوں نے امریکی حمایت کا درست طور پر شکریہ ادا نہیں کیا۔

پیر کو صدر ٹرمپ نے ایک بار پھر کہا کہ زیلنسکی کو روس کے خلاف جنگ میں حمایت پر امریکہ کو زیادہ سراہنا چاہیے۔

اس سے قبل انہوں نے اس بیان پر بھی زیلنسکی کو تنقید کا نشانہ بنایا جب انہوں نے کہا تھا کہ ’جنگ کا خاتمہ ابھی بہت دور ہے۔‘

صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر بھی اس حوالے سے پوسٹ کی۔ ’یہ زیلنسکی کا اب تک کا سب سے بدتر بیان ہے اور امریکہ اس کو زیادہ دیر تک برداشت نہیں کرے گا۔

ٹروتھ سوشل پر کی جانے والی اس پوسٹ میں ٹرمپ نے زیلنسکی کے نام کے لیے متبادل سپیلنگز کا استعمال بھی کیا۔

تاہم انہوں نے یہ تجویز بھی دی کہ یوکرین کے معدنیات کے حوالے سے ڈیل اب بھی کھلی ہے اور کیئف کے ساتھ کشیدگی کے باوجود بھی اس پر اتفاق کیا جا سکتا ہے۔

دوسری جانب یورپی یونین کی جانب سے بھی ایک تجویز سامنے آئی ہے جو پڑوسی ملک یوکرین اور روس کے درمیان جنگ بندی کے معاہدے سے متعلق ہے۔

ٹرمپ انتظامیہ معدنیات کی ڈیل کو اس اربوں ڈالر کی واپسی کے طور پر دیکھ رہی ہے جو امریکہ نے روس کے حملے کے بعد تین برس کے دوران یوکرین کو فوجی اور مالی مدد کی صورت میں دی۔

جب صحافیوں سے گفتگو میں ڈونلڈ ٹرمپ سے پوچھا گیا کہ کیا وہ ڈیل ختم ہو چکی ہے۔

اس کے جواب میں انہوں نے اسے ’ایک گریٹ ڈیل‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس معاملے پر منگل کی رات کو اپ ڈیٹ دیں گے، جب وہ کانگریس کے جوائنٹ سیشن سے خطاب کریں گے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More