چیمپئنز ٹرافی فائنل، کیا یہ روہت شرما اور وراٹ کوہلی کا آخری میچ ہو گا؟

اردو نیوز  |  Mar 09, 2025

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے فائنل میں اتوار کو انڈیا اور نیوزی لینڈ دبئی میں آمنے سامنے ہوں گے۔

میگا ایونٹ کا فائنل انڈین کرکٹرز روہت شرما اور وراٹ کوہلی کا آخری میچ بھی ہو سکتا ہے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق 37 سالہ روہت شرما اور 36 سالہ وراٹ کوہلی کی ٹیسٹ کرکٹ میں خراب پرفارمنس کے بعد دونوں تجربہ کار کھلاڑیوں کے متعلق قیاس آرائیاں جاری ہیں کہ آئی سی سی کے اس ایونٹ کے اختتام کے بعد دونوں کرکٹرز ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیں گے۔

دونوں کھلاڑی کم و بیش 15 برس سے انڈین ٹیم کا حصہ ہیں تاہم دونوں ہی نے ٹی20 ورلڈ کپ 2024 کھیلنے کے بعد اس فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا تھا۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ اتوار کو چیمپئنز ٹرافی کا فائنل ان کا آخری ون ڈے انٹرنیشنل ہو سکتا ہے کیونکہ اب آئندہ ون ڈے کرکٹ کا ورلڈ کپ سنہ 2027 میں منعقد ہو گا۔

انڈیا کے سابق فاسٹ بولر پروین کمار نے انڈیا ٹو ڈے سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’مجھے یقین ہے کہ روہت شرما انڈیا کو ایک اور آئی سی سی ٹائٹل جتوائیں گے، وراٹ کوہلی اور روہت شرما ریٹائرمنٹ سے قبل ہمیں ایک اور آئی سی سی ٹرافی دلوائیں گے۔‘

انڈیا چیمپئنز ٹرافی میں ناقابل شکست رہا ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)انڈیا دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں ایک فیورٹ ٹیم کی حیثیت سے اترے گا اور آن گراؤنڈ اس کا اعتماد بھی نسبتا زیادہ ہو گا۔

آٹھ ٹیموں پر مشتمل چیمپئنز ٹرافی 2025 میں انڈیا اس وقت تک ناقابل شکست ہے اور اس نے تمام گروپ میچز اور سیمی فائنل جیت رکھا ہے۔

انڈیا نے نیوزی لینڈ کو گروپ میچ میں 44 رنز سے شکست دی تھی تاہم اس وقت دونوں ٹیمیں سیمی فائنلز تک رسائی حاصل کر چکی تھیں۔

یاد رہے کہ انڈیا نے چیمپیئنز ٹرافی کے اپنے تمام میچز دبئی میں کھیلے ہیں کیونکہ سیاسی وجوہات کے باعث اس نے پاکستان آنے سے انکار کر دیا تھا۔

انڈیا نے سیمی فائنلز میں آسٹریلیا کو شکست دی تھی (فائل فوٹو: اے ایف پی)ایونٹ کے آغاز میں روہت شرما اور وراٹ کوہلی سے متعلق سمجھا جا رہا تھا کہ وہ دباؤ میں ہیں تاہم پاکستان کے خلاف وراٹ کوہلی کی فاتحانہ سینچری اور آسٹریلیا کے خلاف 84 رنز کی میچ وننگ اننگز نے ان کے خلاف اٹھنے والی تنقیدی آوازوں کو خاموش کر دیا۔

روہت شرما کی سب سے طویل اننگز بنگلہ دیش کے خلاف پہلے میچ میں 41 رنز رہی تاہم انہیں ٹیم کو تیز آغاز فراہم کرنے کے لیے سراہا جا رہا ہے، جو کہ دبئی کی مشکل پچ پر سکور بنانے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔

یاد رہے کہ انڈیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان فائنل کی ٹاس پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ڈیڑھ بجے ہو گی جبکہ میچ کا آغاز دو بجے ہو گا۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More