یوں تو سارا سال ہی آن لائن پلیٹ فارمز پر جعل ساز اور ہیکرز اپنے شکار کے تعاقب میں رہتے ہیں، مگر رمضان کے مہینے میں وہ زیادہ متحرک ہو جاتے ہیں، کیونکہ اس مہینے کے دوران بہت سے گیم شوز شروع کیے جاتے ہیں، انعامی سکیموں کا آغاز ہوتا ہے۔
صارفین کے لیے اس دوران اصل اور جعلی میں فرق کرنا مشکل ہو جاتا ہے، چناںچہ ہیکرز اور آن لائن جعل ساز بھی لوگوں کو جھانسہ دے کر ان کے بینک اکاؤنٹس اور ذاتی ڈیٹا تک رسائی حاصل کرنے کے لیے اپنا جال بچھا دیتے ہیں۔
حالیہ کچھ دنوں سے رمضان سپیشل انعامی مقابلوں یا معروف گیم شوز میں انٹری جیسے میسجز سوشل میڈیا اور واٹس ایپ پر گردش کر رہے ہیں، جن میں صارفین کو یہ یقین دلایا جا رہا ہے کہ وہ کسی بڑے انعام کے حقدار بن چکے ہیں۔ جیسے ہی صارفین ان میسجز میں دیے گئے لنکس پر کلک کرتے ہیں تو انہیں ایک جعلی ویب سائٹ پر لے جایا جاتا ہے، جہاں ان سے ذاتی معلومات، شناختی کارڈ نمبر، بینک اکاؤنٹ یا موبائل اکاؤنٹ کی تفصیلات مانگی جاتی ہیں۔
صارف جب ایک بار یہ معلومات فراہم کر دیتا ہے تو ہیکرز ان کے موبائل میں موجود تمام ڈیٹا چوری کر لیتے ہیں، ان کے بینک یا ایزی پیسہ اکاؤنٹ سے رقم نکال لیتے ہیں، اور ذاتی تصاویر اور ویڈیوز چرا کر بلیک میلنگ کے لیے استعمال کرتے ہیں۔
فراڈ کیسے کیا جا رہا ہے؟
کراچی کے رہائشی حسن علی کے ساتھ ایسا ہی واقعہ پیش آیا۔ انہیں واٹس ایپ پر ایک پیغام موصول ہوا، جس میں بتایا گیا تھا کہ وہ ایک مشہور ٹی وی گیم شو میں شرکت کے لیے منتخب ہو چکے ہیں۔
حسن علی کو کہا گیا کہ وہ اپنے انعام کی تصدیق کے لیے ایک مخصوص لنک پر رجسٹریشن کروائیں۔ جیسے ہی انہوں نے لنک کھولا اور اپنی تفصیلات درج کیں تو چند ہی منٹ میں ان کے ایزی پیسہ اکاؤنٹ سے 17 ہزار 500 روپے نکال لیے گئے۔
انہوں نے جب کمپنی سے رابطہ کرنے کی کوشش کی، تو معلوم ہوا کہ یہ ایک جعلی سکیم تھی۔
اسی طرح کراچی کی رہائشی سمیرا فاروق کو بھی ایک ایسا ہی میسج موصول ہوا، جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ انہیں ’رمضان سپیشل گفٹ‘ جیتنے کا موقع ملا ہے۔ انہوں نے جیسے ہی فراہم کیے گئے لنک پر کلک کیا اور رجسٹریشن مکمل کی، تو اگلے ہی دن ان کا واٹس ایپ ڈیٹا غائب ہو گیا۔
رمضان سپیشل انعامی مقابلوں یا معروف گیم شوز میں انٹری جیسے میسجز سوشل میڈیا پر گردش کر رہے ہیں۔ فائل فوٹو: فری پکس
ان کی تمام چیٹ، تصاویر اور ویڈیوز ڈیلیٹ کر دی گئیں، اور کچھ ہی دیر بعد انہیں نامعلوم نمبروں سے پیغامات موصول ہونے لگے جن میں ان سے رقم دینے کا مطالبہ کیا گیا۔
پی ٹی اے کے جعلی انتباہی میسجز کا نیا جال
رمضان میں ایک اور جعلی پیغام گردش کر رہا ہے جو پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے نام سے مختلف گروپوں میں شیئر کیا جا رہا ہے۔ اس میسج میں صارفین کو خبردار کیا جا رہا ہے کہ وہ انعامی سکیموں اور جعلی ویب سائٹس سے ہوشیار رہیں، لیکن پی ٹی اے نے وضاحت کی ہے کہ یہ پیغام ان کی جانب سے جاری نہیں کیا گیا۔
ماہرین کے مطابق بعض اوقات ایسے جعلی انتباہی پیغامات بھی عوام کو گمراہ کرنے اور مزید فراڈ کرنے کے لیے استعمال کیے جا سکتے ہیں، جن میں صارفین کو مختلف لنکس پر لے جا کر مزید معلومات چرا لی جاتی ہیں۔
ماہرین کی رائے اور احتیاطی تدابیر
آئی ٹی کے ماہر اویس فاروقی کا کہنا ہے کہ رمضان میں خیرات، انعامی مقابلوں اور خصوصی آفرز کا سلسلہ بڑھ جاتا ہے، جس کا فائدہ ہیکرز اور آن لائن جعل ساز اٹھاتے ہیں۔ زیادہ تر لوگ کسی تصدیق کے بغیر ایسے لنکس پر کلک کر دیتے ہیں، جس کی وجہ سے ان کا ڈیٹا چوری ہو جاتا ہے۔
انہوں نے عوام کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ’کسی بھی مشہور گیم شو یا کمپنی کے نام پر بھیجے گئے لنک کو بغیر تصدیق نہ کھولیں۔ مشکوک ویب سائٹس پر اپنی ذاتی معلومات درج نہ کریں اور کسی بھی انعامی مقابلے میں شرکت سے قبل اس کی آفیشل ویب سائٹ یا سوشل میڈیا پیج سے تصدیق ضرور کریں۔‘
مزید برآں اپنے موبائل اور بینکنگ اکاؤنٹس کی سکیورٹی کو اپڈیٹ رکھیں اور دوہری تصدیق کو فعال کریں۔ کوئی بھی صارف اگر فراڈ کا شکار ہو جائے تو فوری طور پر ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ یا متعلقہ ادارے سے رابطہ کرے۔
وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے جعلی انعامی سکیموں اور آن لائن دھوکہ دہی میں ملوث مختلف گروہوں کے خلاف ملک بھر میں کارروائیاں کرتے ہوئے کئی افراد کو گرفتار کیا ہے۔
صارفین کو واٹس ایپ کے ذریعے بھی انعامی رقم لینے کی ترغیب دی جاتی ہے۔ فائل فوٹو: آئی سٹاک
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق کچھ عرصہ قبل ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل کراچی نے ایک بڑے آپریشن میں ایسے ہی ایک گروہ کے چار افراد کو حراست میں لیا ہے، جو پاکستانی اور خلیجی ممالک کے شہریوں کو آن لائن لاٹری کے نام پر دھوکہ دے رہے تھے۔
’ملزم مختلف ایپلی کیشنز کے ذریعے شہریوں کو انعام جیتنے کا جھانسہ دے کر ان سے بھاری رقم وصول کرتے تھے۔‘
علاوہ ازیں گزشتہ برس جون کے مہینے میں سائبر کرائم سرکل پشاور نے شیخوپورہ میں کارروائی کرتے ہوئے ایک شخص کو گرفتار کر لیا، جو سادہ لوح شہریوں کو آن لائن مالی دھوکہ دہی کے ذریعے لوٹ رہا تھا۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزم مختلف جعلی سکیموں کے ذریعے شہریوں کے بینک اکاؤنٹس سے رقوم نکلوا رہا تھا۔
ایف آئی اے نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ وہ کسی بھی غیر مصدقہ انعامی سکیم پر یقین نہ کریں، اپنے بینکنگ اور آن لائن اکاؤنٹس کی تفصیلات کسی نامعلوم فرد یا ویب سائٹ کے ساتھ شیئر نہ کریں، اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی صورت میں فوری طور پر ایف آئی اے کی ہیلپ لائن پر اطلاع دیں۔