فیصل شیخ اور جنت زبیر کی راہیں بھی جدا؟ مداح پریشان

سچ ٹی وی  |  Mar 12, 2025

بھارتی ٹیلی ویژن اور سوشل میڈیا کی معروف اداکارہ جنت زبیر نے اپنے دیرینہ دوست فیصل شیخ کو انسٹاگرام پر اَن فالو کردیا ہے۔ اس اقدام نے دونوں کے درمیان بریک اپ کی افواہوں کو ہوا دی ہے۔

23 سالہ جنت زبیر بھارت کی سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی ٹیلی ویژن اداکارہ ہیں، جو ڈرامے کی ایک قسط کا معاوضہ 18 لاکھ تک وصول کرتی ہیں۔ ان کی پیشہ ورانہ کامیابیوں کے ساتھ ساتھ، ان کی ذاتی زندگی بھی ہمیشہ سے مداحوں کی توجہ کا مرکز رہی ہے۔ خاص طور پر، ان کے ٹک ٹاک اسٹار فیصل شیخ کے ساتھ تعلقات پر اکثر بحث ہوتی رہی ہے۔

تاہم، اب ایسا لگتا ہے کہ دونوں کے درمیان تعلقات میں کچھ خرابی آگئی ہے۔ جنت نے نہ صرف فیصل کو اَن فالو کیا ہے، بلکہ ان کے بھائی ایان زبیر اور والدہ نازنین نے بھی فیصل کو اَن فالو کردیا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ فیصل اب بھی جنت، ان کے بھائی اور والدہ کو فالو کر رہے ہیں۔

11 مارچ 2025 کو جنت نے انسٹاگرام پر کچھ تصاویر شیئر کیں، جن میں وہ بغیر میک اپ کے ایک کریمی رنگ کی شال میں ملبوس نظر آئیں۔ اگرچہ وہ تصاویر میں مسکرا رہی تھیں، لیکن ان کے چہرے کے تاثرات کچھ اور ہی کہانی سنا رہے تھے۔ انہوں نے تصاویر کے ساتھ ایک پراسرار کیپشن لکھا:

’’جو ہے، اسے قبول کرو۔ جو تھا، اسے چھوڑ دو۔ اور جو ہوگا، اس پر بھروسہ رکھو۔‘‘

یہ الفاظ پڑھ کر مداحوں میں قیاس آرائیاں شروع ہوگئیں کہ شاید جنت اور فیصل کے درمیان کچھ ٹھیک نہیں چل رہا۔ کمنٹس سیکشن میں ایک صارف نے لکھا، ’’جنو، ایان اور آنٹی نے فیصل کو اَن فالو کر دیا ہے۔ یقین نہیں آرہا!‘‘ جب کہ ایک اور صارف نے کہا، ’’جنت، ابھی تو آپ کو فیصل کا ساتھ دینا چاہیے تھا۔ گرو سیلیبریٹی ماسٹر شیف کا فاتح ہے، فیصل کتنا ڈپریس ہوگا، اور آپ نے اسے چھوڑ دیا۔‘‘

یاد رہے کہ ایک وقت تھا جب دونوں کی جوڑی کے چرچے ہر طرف تھے۔ اگرچہ انہوں نے کبھی کھل کر اپنے تعلقات کے بارے میں بات نہیں کی، لیکن ’سیلیبریٹی ماسٹر شیف‘ کے دوران فیصل نے ایک دلچسپ تبصرہ کیا تھا۔ جب ان کی کھانا پکانے کی مہارت کی تعریف کی گئی، تو انہوں نے کہا، ’’اس شو کے بعد تو میری شادی پکّی ہوجائے گی۔‘‘

اگرچہ فیصل نے کسی کا نام نہیں لیا، لیکن مشہور ہدایتکارہ فرح خان نے مذاق کرتے ہوئے کہا، ’’جنت کی سیر تو کرواؤں گی میں۔‘‘

جنت زبیر نے 2007 میں ڈراما ’دل مل گئے‘ سے اداکاری کی شروعات کی۔ انہوں نے ’مٹی کے بنّو‘ اور ’پھلوا‘ جیسے ڈراموں میں اپنے کرداروں سے شہرت حاصل کی۔ فلموں میں بھی انہوں نے ’لو کا دی اینڈ‘ اور ’ہچکی‘ جیسی فلموں میں کام کیا، لیکن فلمی دنیا میں انہیں زیادہ کامیابی نہیں ملی۔

تاہم، سوشل میڈیا پر جنت کی موجودگی نے انہیں ایک بڑا فین بیس دیا ہے۔ وہ ٹک ٹاک، ڈبز میش اور میوزیکلی جیسے پلیٹ فارمز پر اپنی ویڈیوز سے لاکھوں مداحوں کے دل جیت چکی ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More