مشہور موسیقار اے آر رحمان کو ڈی ہائیڈریشن (پانی کی کمی) کے باعث اتوار کی صبح چنئی کے ایک نجی اسپتال میں داخل کرایا گیا، تاہم چند گھنٹوں بعد انہیں ڈاکٹروں نے صحت مند قرار دے کر ڈسچارج کر دیا۔
رحمان کے منیجر سنتھل ویلین کے مطابق، 58 سالہ موسیقار اب بالکل ٹھیک ہیں اور گھر واپس آ چکے ہیں۔ ان کی بہن اے آر ریحانہ نے سینے میں درد کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں صرف ڈی ہائیڈریشن اور معدے کی تکلیف ہوئی تھی۔
رحمان کے اسپتال میں داخل ہونے کی خبر سنتے ہی مداحوں نے سوشل میڈیا پر جلد صحتیابی کی دعاؤں کے پیغامات بھیجے۔ تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ ایم کے اسٹالن نے بھی اسپتال سے رحمان کی صحت کے بارے میں معلومات لیں اور ان کے جلد صحت مند ہونے کی تصدیق کی۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ رحمان کی اہلیہ سائرہ رحمان نے، جنہوں نے گزشتہ سال علیحدگی کا اعلان کیا تھا، اپنے شوہر کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اب بھی ان کی بیوی ہیں اور میڈیا کو انہیں ’ایکس وائف‘ نہ کہنے کی درخواست کی۔
رحمان کے بیٹے اے آر امین اور بیٹیوں خطیجہ رحمان اور راحیمہ رحمان نے بھی اسپتال کی میڈیکل رپورٹ سوشل میڈیا پر شیئر کی، جس میں لکھا تھا کہ رحمان کو ڈی ہائیڈریشن کے باعث اسپتال لایا گیا تھا اور معمولی چیک اپ کے بعد ڈسچارج کر دیا گیا۔
رحمان جلد ہی اپنی نئی فلمی پروجیکٹس "لاہور 1947"، "تھگ لائف" اور "تیرے عشق میں" پر کام دوبارہ شروع کریں گے۔