بلوچستان کے ضلع نوشکی میں سکیورٹی فورسز کے قافلے پر خودکش حملہ، پانچ اموات

اردو نیوز  |  Mar 16, 2025

بلوچستان کے ضلع نوشکی میں سکیورٹی فورسز کے قافلے پر خودکش حملے میں پانچ ہلاک اور41 زخمی ہو گئے۔

پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے اتوار کو جاری ہونے والے بیان کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں تین سکیورٹی فورسز کے اہلکار اور دو شہری شامل ہیں۔

پولیس کے مطابق واقعہ کوئٹہ سے تقریباً ڈیڑھ سو کلومیٹر دور نوشکی میں کوئٹہ کو تفتان اور ایران سے ملانے والی این 40 شاہراہ پر رخشانی مل کے قریب پیش آیا۔

ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند کے مطابق اس حملے میں سکیورٹی فورسز کے تین جوان اور دو شہری جان سے گئے جبکہ سکیورٹی فورسز کی ابتدائی کارروائی میں حملہ آور سمیت چار دہشت گرد مارے گئے۔

ایس ایچ او نوشکی سٹی ظفراللہ سمالانی نے بتایا کہ لگ بھگ سات گاڑیوں پر مشتمل سکیورٹی فورسز کا قافلہ کوئٹہ سے نوکنڈی اور تفتان کی طرف جا رہا تھا جس میں بسیں بھی شامل تھیں۔

انہوں نے بتایا کہ دھماکے سے ایک بس مکمل طور پر تباہ ہوگئی ہے اور اس میں سوار پانچ اہلکار ہلاک اور باقی زخمی ہوئے ہیں۔

لاشوں اور زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال نوشکی پہنچایا گیا۔

ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر ظفر مینگل نے اردونیوز کو بتایا کہ زخمیوں کی بڑی تعداد ہسپتال لائی گئی جن میں متعدد کی حالت تشویشناک تھی۔

انہوں نے بتایا کہ ابتدائی طبی امداد کے بعد ایف سی اہلکار زخمیوں کو واپس لے گئے۔

پولیس کے مطابق زخمیوں کو ہیلی کاپٹرز کے ذریعے کوئٹہ منتقل کیا جا رہا ہے۔

ایس ایچ او ظفرسمالانی کے مطابق دھماکے کے بعد شدید فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئیں۔

انہوں نے بتایا کہ دھماکے میں بارود سے بھری گاڑی استعمال کی گئی ہے تاہم اس کی نوعیت اب تک معلوم نہیں ہوسکی ہے۔ ان کے بقول ابتدائی شواہد دھماکا خودکش لگ رہا ہے مگر اس کی تصدیق بم ڈسپوزل ہی کر سکتی ہے۔

بلوچستان میں حالیہ دنوں میں سکیورٹی فورسز پر حملوں میں شدت آئی ہے۔

ایک روز قبل کوئٹہ کے مغربی بائی پاس کے قریب اے ٹی ایف پولیس کی گاڑی پر بم حملے میں ایک اہلکار ہلاک اور پانچ زخمی ہوئے تھے۔

اس حملے کی ذمہ داری کالعدم بلوچ لبریشن آرمی نے قبول کی ہے۔ 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More