’قابلیت آہستہ آہستہ سامنے آئے گی، اصل تیاری ایشیا کپ اور ورلڈکپ کی کر رہے ہیں‘

اردو نیوز  |  Mar 20, 2025

پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ عاقب جاوید نے کہا ہے کہ ٹیم ’ینگ‘ یعنی نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ضرور ہے لیکن مقصد سیریز جیتنا ہے۔

جمعرات کو نیوزی لینڈ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عاقب جاوید نے کہا کہ ’ٹیم ینگ ضرور ہے لیکن مقصد تو وہی ہے کہ سیریز جیتنی ہے۔ میں جانتا ہوں کہ دو مشکل میچز ہوئے ہیں، لیکن میرے خیال میں ان نوجوانوں کی اصلی قابلیت آہستہ آہستہ سامنے آئے گی۔‘

عاقب جاوید نے مزید کہا کہ ’نیوزی لینڈ کی کنڈیشنز میں مسائل تو آتے ہیں، جس نے پاکستان سے باہر زیادہ کرکٹ نہیں کھیلی ہوتی اسے باؤنس اور سوئنگ سے پریشانی ہوتی ہے۔‘

ہیڈ کوچ کا مزید کہنا تھا کہ ’ٹیم میں کچھ تبدیلیاں کریں گے، میرے خیال سے کھلاڑیوں میں بہت قابلیت ہے۔ کل کے میچ کے لیے پوری طرح جذبے میں ہیں، کوشش کریں گے کل کا میچ جیتیں۔‘

پاکستانی ٹیم کی ٹی20 کرکٹ میں ناقص کارکردگی کے بارے میں عاقب جاوید نے کہا کہ ’سرفراز کی جو آپ بات کر رہے ہیں وہ چار سال پرانی ہے، اس چیز پے منحصر ہے کہ آپ کھیل کہاں رہے ہیں۔ آسٹریلیا میں بیٹنگ کے لیے مشکل تھی۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’آنے والا ایشیا کپ اور ورلڈ کپ برصغیر میں ہونے والا ہے، برصغیر میں ہائی سکورنگ میچ ہوتے ہیں۔ آگے دو ٹورنامنٹس میں ہائی سکورنگ رنز کرنے پڑیں گے۔‘

ہیڈ کوچ کا مزید کہنا تھا کہ ’ہم ٹی20 کی ٹیم کو علیحدہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ایشیا کپ اور ٹی20 ورلڈ کپ کی تیاری کر رہے ہیں۔ آپ جب بھی نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کے ٹور پر آتے ہیں تو یہ مشکل سیریز ہوتی ہیں۔‘

’اس ٹیم میں اگر آپ صائم اور فخر کو شامل کریں تو یہ ایک اچھی ٹیم بنتی ہے۔ ہماری یہ ہی کوشش ہے کہ دو کھلاڑی ایسے مل جائیں تو ٹیم میں فِٹ اِن ہوں۔‘

شاہین شاہ آفریدی کو دوسرے ٹی20 میں ایک اوور میں چار چھکے لگنے پر ہیڈ کوچ نے کہا کہ ’ٹی20 کرکٹ میں کسی بھی بولر کا برا اوور ہونا بڑی بات نہیں ہے۔ میڈن اوور بھی بہت بڑی بات ہے۔ شاہین کو وقت کے ساتھ ساتھ اپنی گیم کو بڑھانا ہوگا۔‘

تیسرے ٹی20 کے بارے میں عاقب جاوید نے کہا کہ ’آکلینڈ کے سٹیڈیم کی چھوٹی بونڈریز ہیں، میرا خیال ہے کہ پاکستان کے پاس میچ جیتنے کے تمام عوامل ہیں۔‘

خیال رہے کہ پانچ ٹی20 میچوں پر مشتمل سیریز میں نیوزی لینڈ کو پاکستان پر 0-2 کی برتری حاصل ہے۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More