جعفر ایکسپریس کی کل سے پشاور سے کوئٹہ بحالی کا اعلان

اردو نیوز  |  Mar 26, 2025

وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے بلوچستان میں حملے کا شکار ہونے والی ٹرین جعفر ایکسپریس کی کوئٹہ سے پشاور تک کل سے بحالی کا اعلان کیا ہے۔

بدھ کو کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پرسوں کوئٹہ سے  جعفر ایکسپریس راونہ ہوگی، جبکہ بولان میل ٹرین پہلے ہفتے میں تین دن چلتی تھی اب پورا ہفتہ چلے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ’سکیورٹی اور حکومتی دونوں سطحوں پر فیصلہ ہوچکا کہ دہشت گرد جہاں ہوگا پیچھا کیا جائے گا۔ ملک بھر میں جاری دہشت گردی پاکستان کے خلاف منصوبہ سازی ہے۔ ہمارے لوگ دہشتگردوں کو معاونت فراہم کرتے ہیں اس لیے وہ کامیاب ہوتے ہیں۔‘

حنیف عباسی نے کہا کہ جعفر ایکسپریس حملے کے بعد دو روز میں ٹریک کو فعال کردیا گیا تھا۔

’ہم چھٹی ایٹمی ملک اس لیے دہشت گردی کو پروان چڑھانے کی کوشش کی جارہی ہے۔‘

ان کے مطابق ریلوے سٹیشن پر سیکورٹی ایشوز موجود ہیں، ریلوے میں پولیس میں 500 مزید تعیناتی کریں گے۔

وزیر ریلوے نے کہا کہ وزیراعظم کے احکامات پر ملک بھر میں پانچ عید سپیشل ٹرینں چلائیں گے، 29 مارچ کو کوئٹہ سے عید سپیشل ٹرین چلائی جائے گی اور عید سپیشل ٹرین کی ٹکٹوں میں 20 فیصد رعایت دی جائے گی۔

واضح رہے کہ بلوچستان کے ضلع کچھی میں بولان کے پہاڑی سلسلے میں پیروکنری اور پنیر ریلوے سٹیشن کے درمیان کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس ٹرین 11 مارچ کو شدت پسندوں کے حملے کا نشانہ بنی تھی۔

ٹرین میں سوار 400 سے زائد مسافروں کو یرغمال بنالیا گیا تھا جن میں سے حکام کے مطابق 26 مسافروں کو قتل کیا گیا جبکہ باقی کو بازیاب کرا لیا گیا تھا۔

یہ آپریشن 36 گھنٹوں تک جاری رہا جس کے بعد قریبی پہاڑوں کی کلیئرنس کا کام شروع کیا گیا۔

اس حملے کی ذمہ داری کالعدم بلوچ لبریشن آرمی نے قبول کی تھی جو اس سے پہلے بھی مسافر ٹرینوں اور سکیورٹی فورسز کو نشانہ بناتی رہی ہے۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More