بل گیٹس کی مستقبل کے بارے میں حیران کن پیشگوئی

سچ ٹی وی  |  Mar 27, 2025

مائیکرو سافٹ کے شریک بانی بل گیٹس کی جانب سے اکثر مستقبل کے حوالے سے پیشگوئیاں کی جاتی ہیں۔

اب انہوں نے ایک بار پھر مستقبل کے بارے میں دنگ کر دینے والی پیشگوئی کی ہے۔ بل گیٹس نے پیشگوئی کی ہے کہ آئندہ ایک دہائی میں آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی اتنی پیشرفت کرلے گی کہ دنیا میں بیشتر کاموں کے لیے انسانوں کی ضرورت باقی نہیں رہے گی۔

ایک انٹرویو کے دوران بل گیٹس نے کہا کہ ابھی مختلف شعبوں جیسے طب اور تعلیم میں ہمیں انسانی ماہرین کی ضرورت ہوتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مگر آئندہ دہائی کے دوران اے آئی ٹیکنالوجی ہی ڈاکٹر اور استاد کی جگہ سنبھال لے گی۔

آسان الفاظ میں بل گیٹس کا کہنا تھا کہ دنیا ایک نئے عہد میں داخل ہونے والی ہے جہاں مختلف شعبوں میں انسانی ماہرین کی ضرورت باقی نہیں رہے گی۔ انہوں نے فروری میں ایک انٹرویو کے دوران کہا تھا کہ اے آئی ٹیکنالوجیز میں ہونے والی پیشرفت ہر ایک کے لیے قابل رسائی ہوگی اور لگ بھگ ہماری زندگی کے تمام پہلوؤں تک پہنچ جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اے آئی اور ورچوئل اسسٹنٹس کی بدولت امراض کی تشخیص کا عمل بہت زیادہ بہتر ہو جائے گا۔ بل گیٹس نے کہا کہ 'ایسا بہت تیزی سے ہو رہا ہے اور یہ کچھ حد تک خوفزدہ کر دینے والا بھی ہے کیونکہ یہ برق رفتاری سے ہو رہا ہے'۔

یہ پہلی بار نہیں جب بل گیٹس کی جانب سے اے آئی ٹیکنالوجی کے حوالے سے جوش و خروش کا اظہار کیا گیا۔ اس سے قبل ستمبر 2024 میں بل گیٹس نے پیشگوئی کرتے ہوئے کہا کہ اے آئی ٹیکنالوجی تعلیم اور طب کے شعبوں میں پیشرفت کو بہت تیز کرسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 'یہ پہلی ایسی ٹیکنالوجی ہے جو ماہرین کی توقعات سے بھی زیادہ تیزی سے پیشرفت کر رہی ہے'۔ انہوں نے انتباہ کیا کہ اے آئی ٹیکنالوجی سے متعدد شعبوں کے لیے کام کرنے والے افراد کی ملازمتیں متاثر ہوسکتی ہیں۔

بل گیٹس نے بتایا کہ 'اے آئی ٹیکنالوجی کمپیوٹرز، فون اور انٹرنیٹ سے بھی زیادہ اثرات مرتب کرسکتی ہے، یہ میری زندگی میں ہونے والی سب سے بڑی ٹیکنالوجی پیشرفت ہے۔ انہوں نے پیشگوئی کی کہ ایک دہائی کے اندر مختلف شعبے جیسے تعلیم اور صحت نمایاں حد تک بدل جائیں گے۔

بل گیٹس نے خیال ظاہر کیا کہ اے آئی کے باعث کاروباری ہفتے کا دورانیہ مختصر ہوگا اور روایتی کل وقتی ملازمت کی ضرورت گھٹ جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ طویل المعیاد بنیادوں پر ملازمت اتنی اہم نہیں رہے گی اور ہمارے خیال میں یہ ایک اچھی بات ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More