ایئر یونیورسٹی اسلام آباد کی شعور سوسائٹی نے کارپوریٹ سوشل ریسپانسبلیٹی سوسائٹی کے تعاون سے جعفر ایکسپریس حملے کے متاثرین سے اظہار یکجہتی کے لیے ایک امن واک کا انعقاد کیا۔ یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات سے بڑی تعداد میں طلبہ نے اس واک میں شرکت کی اور دہشت گردی کے خلاف یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔
واک کے دوران طلبہ نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر “11 مارچ – یوم سیاہ”, “ہم متحد ہیں”, “دہشت گردی ہمارا سفر نہیں روک سکتی” اور “جعفر ایکسپریس ہمارے دلوں میں زندہ ہے” جیسے نعرے درج تھے۔ اس موقع پر امن، ہم آہنگی اور دہشت گردی کے خلاف سخت مذمت کا پیغام دیا گیا۔
واک کے دوران طلبہ نے دہشت گردوں اور دہشت گردی کے مرتکب عناصر کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔
نوجوانوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ ہر صورت امن کے فروغ اور دہشت گردی کی مذمت کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔