اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے انٹرا پارٹی انتخابات کیس میں دلائل کے لیے وقت مانگ لیا۔
الیکشن کمیشن میں پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ بیرسٹر گوہر اور درخواستگزار اکبر ایس بابر الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔
چیف الیکشن کمشنر نے بیرسٹر گوہر سے استفسار کیا کہ آپ نے آج دلائل دینے تھے۔
بیرسٹر گوہر نے مؤقف اختیار کیا کہ میں نے ہائیکورٹ کے احکامات کی تفصیلات پیش کر دی ہیں۔ اور گزارش ہے کہ دلائل کے لیے وقت دیا جائے۔ میرے پاس دستاویزات موجود نہیں اس لیے کچھ وقت دے دیں۔
یہ بھی پڑھیں: دنیا کو دکھانا ہوگا انسداد دہشتگردی عدالتیں بھی کام کر سکتی ہیں، چیف جسٹس
چیف الیکشن کمشنر نے بیرسٹر گوہر سے مکالمے میں کہا کہ سال سے یہ کیس زیر التوا ہے۔ اور ہائیکورٹ نے فیصلے سے منع کیا ہے کارروائی سے نہیں۔ اگلی سماعت پر آپ ہر صورت تیار ہو کر آئیں۔
الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی کیس کی سماعت 22 اپریل تک ملتوی کر دی۔