کراچی کنگز بولنگ کے بعد بیٹنگ میں بھی ناکام، لاہور قلندرز 65 رنز سے کامیاب

اردو نیوز  |  Apr 16, 2025

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 کے چھٹے میچ میں روایتی حریف لاہور قلندرز نے کراچی کنگز کو 65 رنز سے شکست دے کر میدان مار لیا۔

منگل کو کراچی کے نیشنل بینک سٹیڈیم میں لاہور قلندرز کے 202 رنز کے تعاقب میں کراچی کنگز کی پوری ٹیم آخری اوور کی پہلی گیند پر 136 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی۔

کراچی کنگز کی جانب سے خوشدل شاہ 39 رنز کے ساتھ نمایاں رہے تاہم ان کے علاوہ حسن علی 27، ٹیم سیفرٹ اور شان مسعود 18، 18 اور ایڈم ملنے 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

کراچی کنگز کی جانب سے اوپنر ڈیوڈ وارنر، جیمز ونس اور عرفات منہاس صفر پر پویلین لوٹے جبکہ عباس آفریدی ایک، عرفان خان چھ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

فواد علی دو رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

لاہور قلندرز کی جانب سے رشد حسین اور شاہین آفریدی نے تین، تین، آصف آفریدی اور حارث رؤف نے ایک، ایک جبکہ سکندر رضا نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے قبل لاہور قلندرز نے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 201 رنز بنائے تھے۔

لاہور قلندرز کی اننگز

لاہور قلندرز کی جانب سے فخر زمان 77 اور ڈیرل مچل 75 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

ان کے علاوہ سیم بلنگز 19، محمد نعیم سات، عبداللہ شفیق چھ اور راشد حسین دو رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ سکندر رضا 10 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ پویلین لوٹے۔

فخر زمان نے مین آف دی میچ کا اعزاز اپنے نام کیا (فوٹو: لاہور قلندرز)

کراچی کنگز کی جانب سے حسن علی نے چار جبکہ عباس آفریدی نے ایک وکٹ حاصل کی۔

یاد رہے کہ دونوں ٹیمیں رواں ایونٹ میں پہلی مرتبہ آمنے سامنے تھیں۔

اس سے قبل پی ایس ایل کے جاری سیزن میں لاہور قلندرز نے دو اور کراچی کنگز نے ایک میچ کھیلا تھا۔

جن میں لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے فتح حاصل کی تھی جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ سے شکست کھائی تھی۔

اسی طرح سے کراچی کنگز کو ملتان سلطانز کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی۔

کراچی کنگز کا سکواڈ

ڈیوڈ وارنر (کپتان)، ٹِم سیفرٹ (وکٹ کیپر)، جیمز ونس، شان مسعود، عرفان خان نیازی، خوشدل شاہ، عرفات منہاس، عباس آفریدی، ایڈم ملنے، حسن علی اور فواد علی کراچی کنگز کی ٹیم میں شامل تھے۔

لاہور قلندرز کا سکواڈ

فخر زمان، محمد نعیم، عبداللہ شفیق، ڈیرل مچل، سیم بلنگز (وکٹ کیپر)، سکندر رضا، شاہین شاہ آفریدی (کپتان)، رشاد حسین، حارث رؤف، آصف آفریدی اور زمان خان لاہور قلندرز کی ٹیم کا حصہ تھے۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More