بابراعظم کی کراچی کنگز سے علیحدگی کی وجہ سامنے آگئی

سچ ٹی وی  |  Apr 18, 2025

کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال نے بابراعظم کی ٹیم سے علیحدگی کی اصل وجہ بتا دی ہے۔

بابر اعظم پی ایس ایل کے آغاز 2016 میں اسلام آباد یونائیٹڈ کا حصہ تھے جس کے بعد انہیں کراچی کنگز نے منتخب کیا اور وہ 2017 سے 2022 تک 6 سیزن کراچی کنگز کی طرف سے کھیلے ۔

2023 کے سیزن میں بابر اور کراچی کنگز کے راستے جدا ہوگئے اور بابر پشاور زلمی کا حصہ بن گئے جہاں وہ اب ٹیم کی قیادت بھی کر رہے ہیں۔

کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ کراچی کنگز اور بابر کے درمیان اختلافات پیدا ہوگئے تھے جس کی وجہ ان کی بیٹنگ پوزیشن تھی۔

سلمان اقبال کے بقول ہم چاہتے تھے کہ بابر نمبر تین پر بیٹنگ کریں، لیکن وہ اپنا رول تبدیل کرنے کو تیار نہیں تھے۔ اسی وجہ سے ہمیں انہیں ریلیز کرنا پڑا۔

خیال رہے کہ 30 سالہ بابر اعظم نے اپنے پورے ٹی20 کریئر چاہے وہ انٹرنیشنل ہو یا فرنچائز کرکٹ ، ہمیشہ اوپننگ کو ترجیح دی ہے۔

بابر نے پی ایس ایل میں 90 اننگز میں سے 76 مرتبہ اوپننگ کی ہے، جس میں انہوں نے 3,103 رنز 47.01 کی اوسط اور 129.13 کے اسٹرائیک ریٹ سے بنائے ہیں، ان کے ریکارڈ میں 28 نصف سنچریاں اور 2 سنچریاں بھی شامل ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More